‘بلاول بھٹو کو کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں’

23 مارچ 2019
بلاوہ بھٹو زرداری 20 مارچ کو نیب میں پیش ہوئے تھے—فوٹو: پی پی پی ٹویٹر
بلاوہ بھٹو زرداری 20 مارچ کو نیب میں پیش ہوئے تھے—فوٹو: پی پی پی ٹویٹر

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے پارٹی چیئرمین پر نکتہ چینیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے کفر اور غداری کے فتوے نئی بات نہیں، شہید بھٹو اور شہید بی بی کو بھی غدار کہا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ گڑھی خدا بخش بھٹو کے شہدا آج بھی چاروں صوبوں کی زنجیر ہیں اس لیے پیپلز پارٹی کے خاتمے کے خواب دیکھنے والوں کا مقدر مایوسی ہے۔

پی پی پی کی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ بھٹو کا عوام سے اور عوام کا بھٹو سے رشتہ اٹوٹ ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ ‘بلاول بھٹو اور مریم نواز کی اپنی کمائی تو نہیں ہے وہ اپنے والدین کی کرپشن کے پیسوں پر سیاست کررہے ہیں‘ ان دونوں کی سیاست “ابوبچاﺅ” تک محدود ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں:کٹھ پتلی تماشے کے عالمی دن پر بلاول کی وزیراعظم عمران خان کو طنزیہ مبارکباد

قبل ازیں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کٹھ پتلی تماشے کے عالمی دن پر وزیراعظم عمران خان کو طنزیہ مبارک باد پیش کردی تھی اور کلینڈر کے اسکرین شاٹ ٹویٹ کی تھی اور کہا تھا کہ آج کٹھ پتلی تماشے کا عالمی دن ہے۔

بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری 20 مارچ کو پارک لین اسٹیٹ کرپشن کیس کے سلسلے میں اسلام آباد نیب کے دفتر میں پیش ہوئے تھے۔

اس دوران پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد نیب دفتر کے باہر جمع ہوگئی تھی، جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اور جیالوں کے درمیان تصادم ہوا تھا، جس کے بعد پیپلز پارٹی کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ پیپلزپارٹی کے گرفتار کارکنوں کو فی الفور رہا کیا جائے ورنہ پارٹی کو اقدامات اٹھانے پڑیں گے۔

پولیس کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرادیا تھا جس پر سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین نے نوٹس لیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں