’جیوے جیوے پاکستان‘ جیسے مشہور ملی نغمے گانے والی گلوکارہ شہناز بیگم انتقال کرگئیں

اپ ڈیٹ 24 مارچ 2019
شہناز بیگم اپنے ملی نغموں سے ہیشہ کے لیے امر ہو گئیں— تصویر بشکریہ ٹوئٹر
شہناز بیگم اپنے ملی نغموں سے ہیشہ کے لیے امر ہو گئیں— تصویر بشکریہ ٹوئٹر

مشہور ملی نغموں کو اپنی آواز دینے والی معروف گلوکارہ شہناز بیگم دل کا دورہ پڑنے سے 67سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

شہناز بیگم 2جنوری 1952 کو ڈھاکا میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے کئی مشہور ملی نغمے گائے جن میں ’جیوے جیوے پاکستان‘ اور ’سوہنی دھرتی اللہ رکھے‘ ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے۔

شہناز بیگم پانچ دہائیوں تک فن سے وابستہ رہیں اور انہوں نے شہنشاہ غزل مہدی حسن سے گلوکاری کے اسرار و رموز سیکھے جبکہ ان کا گانا ’کہاں ہو تم چلے آؤ‘ بھی کافی مقبول ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے شہناز بیگم کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے گانے ’جیوے جیوے پاکستان‘ اور ’سوہنی دھرتی اللہ رکھے‘ قوم ہمارا قومی اثاثمہ ہیں اور قوم کی آواز بن گئے۔

بنگلہ دیش منتقلی کے بعد شہناز بیگم نے اپنے آبائی ملک میں بھی گلوکاری کا سلسلہ جاری رکھا اور 1990 میں انہیں فلم چھوتر پھاندے میں بہترین گلوکاری پر نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ 1992 میں انہوں نے ایکوشے پدک ایوارڈ بھی جیتا۔

معروف گلوکارہ نے عمرے کی ادائیگی کے بعد گلوکاری کو خیرباد کہہ دیاتھا اور وہ 23 مارچ 2019 کو بنگلہ دیش میں 67 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔

ان کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر ڈھاکہ میں ادا کی جائے گی، انہوں نے سوگواروں میں شوہر، بیٹا اور بیٹی کو چھوڑا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں