بلاول والد کی خاطر اپنی سیاسی چتا جلا رہے ہیں، شیخ رشید

24 مارچ 2019
ٹرین مارچ سے پہلے ہی جھاڑو پھر جائے گی، آج ہم نے جن کو ٹرین دی ہے وہ اپنے گریبان میں جھانکیں۔ فوٹو: ڈان نیوز
ٹرین مارچ سے پہلے ہی جھاڑو پھر جائے گی، آج ہم نے جن کو ٹرین دی ہے وہ اپنے گریبان میں جھانکیں۔ فوٹو: ڈان نیوز

پشاور: وزیر ریلوے شیخ رشید نے ایک بار پھر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سیاسی کیریئر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’بلاول اپنے والد کے لیے اپنی سیاسی چتا جلا رہے ہیں‘۔

نوشہرہ میں سفاری ٹرین کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ماضی میں ہم ٹرین مارچ کرنے جارہے تھے تو ہمیں اجازت نہیں دی گئی لیکن ہم جمہوری لوگ ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے ٹرین مانگی تو ہم نے فری ٹریک دے دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر بلاول کرپشن کےخلاف باہرنکلتے تو وہ قومی ہیرو ہوتے لیکن وہ اپنے والد کی وجہ سے اپنی سیاسی چتا جلارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول پر تنقید، پیپلز پارٹی کا شیخ رشید کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ ٹرین مارچ سے پہلے ہی جھاڑو پھر جائے گی، آج ہم نے جن کو ٹرین دی ہے وہ اپنے گریبان میں جھانکیں، انہوں نے بلاول کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’بلاول صاحب، ہم سندھ سمیت پورے ملک میں ٹرین چلائیں گے۔

شیخ رشید نے بتایا کہ درگئی کے لیے 25 سال بعد ٹرین سروس بحال کی جارہی ہے، ہماری خواہش ہے کہ ہر اس جگہ ٹریک بنایئں جہاں انگریز نے ٹریک بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں ٹرینوں کا جال بچھائیں گے، پولوشن کے باعث آئل ٹرینوں کو ختم کیا جائے گا۔

وزیر ریلوے نے خیبر پختونخوا میں ٹرین کے مختلف راستوں میں رکاوٹوں سے متعلق کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو ٹرین ٹریکس پر روکاوٹیں ختم کرنی چاہئیں۔

مزید پڑھیں: 'بلاول کو سیاست کیلئے زرداری کے بجائے بھٹو بننا پڑے گا'

انہوں نے بتایا کہ کراچی سے پشاور کے لیے ڈبل ٹریک ڈالا جائے گا، ٹرین سروس پاک چین اقتصادی راہدای کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں نے جتنی محنت کرتے ہوئے عمران خان کو دیکھا ہے کسی کو نہیں دیکھا، ہمیں امید ہے کہ آئندہ 6 ماہ میں ریلوے کا منافع 10 ارب روپے تک پہنچ جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں