جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دے دی

24 مارچ 2019
جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا—فوٹو:اے ایف پی
جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا—فوٹو:اے ایف پی
جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا—فوٹو:اے ایف پی
جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا—فوٹو:اے ایف پی

جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں 45 رنز سے شکست دے کر سیریز 3-0 سے جیت لی۔

جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں سری لنکا کے کپتان لاستھ ملنگا نے ٹاس جیت کر میزبان جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقہ کے اوپنرز میکرم اور ہینڈرکس نے 37 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی جبکہ لکمل نے میکرن کو 15 کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔

دوسری وکٹ کی شراکت میں ہینڈرکس اور پریٹوریس نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں اور اسکور 127 رنز تک پہنچا دیا۔

وینڈرسے نے ہینڈرکس کو 127 کے مجموعے پر آؤٹ کیا تو انہوں نے 66 رنز بنائے تھے جس کے بعد سری لنکن باؤلرز مزید کوئی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنا کر حریف ٹیم کو ایک مشکل ہدف دے دیا۔

پریٹوریس 77 اور جے پی ڈومینی 34 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

سری لنکا کے نیروشان ڈیکویلا نے ہدف کے تعاقب میں 38 رنز بنا کر ڈی سلوا کے ہمرا 42 رنز کا آغاز کیا لیکن وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور دوسرے اینڈ سے دیگر بلے باز بھی مسلسل آؤٹ ہوتے رہے۔

ڈیکویلا 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور 96 کے مجموعے پرسری لنکا کے 6 بلے باز آؤٹ ہوچکے تھے اور 8 بلے باز دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہ کرسکے۔

سری لنکا کی پوری ٹیم 16 ویں اوور میں 137 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور 45 رنز سے شکست کے بعد سیریز میں کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جنوبی افریقہ کے فیلوکوایو نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، جونیئر ڈیلا اور سپاملا نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پریٹوریس کو میچ اور ریزا ہینڈرکس کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ نے سیریز کے پہلے اور دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کو شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی تھی۔

یاد رہے کہ سری لنکا دورے کے شروع میں ٹیسٹ سیریز جیت کر جنوبی افریقہ کو انہی کی سرزمین پر شکست دینے والی پہلی ایشین ٹیم بن گئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں