لاہور ہائیکورٹ: کریم کے متنازع اشتہار کے خلاف درخواست منظور

کمپنی کو اس اشتہار پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز
کمپنی کو اس اشتہار پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز

لاہور ہائیکورٹ نے سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی کریم کے متنازع اشتہار کے خلاف درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیا۔

خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے گزشتہ ہفتے اس معاملے سے متعلق درخواست کو خارج کرتے ہوئے ہدایت کی گئی تھی کہ شکایت کے ازالے کے لیے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے رجوع کیا جائے، تاہم عدالت کی جانب سے آج کی درخواست کو منظور کرلیا گیا۔

عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں دعویٰ کیا گیا کہ کریم نے اپنے بل بورڈز پر ’غیر اخلاقی‘ زبان کا استعمال کیا اور لکھا کہ ’اپنی شادی سے بھاگنا ہو تو کریم بائیک کرو‘۔

مزید پڑھیں: کریم پر کمائی کے لیے ’اخلاقیات کا جنازہ‘ نکالنے کا الزام

درخواست میں کہا گیا کہ کریم کا اشتہار اسلامی تعلیمات اور آئین کے آرٹیکل 31 کی خلاف ورزی ہے، اس کے ساتھ ساتھ یہ اشتہار پارک اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) ایکٹ 2012 کے سیکشن 21 اور پی ایچ اے لاہور ریگولیشن 2013 کی شق 10 کے خلاف ہے۔

مذکورہ درخواست میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ شہر میں بل بورڈ اور دیگر اشتہارات لگانے کے لیے پی ایچ اے اجازت دینے کا ذمہ دار ہے، تو پھر پی ایچ اے کی موجودگی میں ’غیر اخلاقی‘ سلوگن والے بورڈ کس طرح آویزاں ہوسکتے ہیں۔

اس موقع پر عدالت سے استدعا کی گئی کہ ’غیر مہذب اور غیر اخلاقی‘ اشتہارات کو فی الفور ہٹایا جائے اور کریم کو جرمانہ عائد کیا جائے جبکہ اس اشتہار کی اجازت دینے والے پی ایچ اے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی ایئرپورٹ پر اوبر اور کریم کا داخلہ ممنوع!

بعد ازاں عدالت نے اس درخواست کو منظور کرتے ہوئے پنجاب حکومت اور دیگر کو نوٹس جاری کردیا اور 5 اپریل تک معاملے پر جواب طلب کرلیا۔

کریم کی جانب سے آویزاں کیا گیا اشتہار—فوٹو: سوشل میڈیا
کریم کی جانب سے آویزاں کیا گیا اشتہار—فوٹو: سوشل میڈیا

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کریم کی جانب سے ایک اشتہار آویزاں کیا گیا تھا، جس پر عوام کی جانب سے سخت ردعمل آیا تھا اور سوشل میڈیا پر صارفین نے کمپنی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

واضح رہے کہ کریم کی جانب سے آویزاں کیے گئے بل بورڈز پر لکھا گیا تھا ’اپنی شادی سے بھاگنا ہو تو کریم بائیک کرو‘ ساتھ ہی اس میں عروسی لباس میں ملبوس دلہن کی تصویر بھی دی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں