واٹس ایپ میں جعلی خبروں کی روک تھام کیلئے نئے ٹول کی آزمائش

25 مارچ 2019
واٹس ایپ کی جانب سے اس مسئلے کے خلاف کافی فیچرز پر کام ہورہا ہے — رائٹرز فوٹو
واٹس ایپ کی جانب سے اس مسئلے کے خلاف کافی فیچرز پر کام ہورہا ہے — رائٹرز فوٹو

واٹس ایپ اپنے پلیٹ فارم پر جعلی خبروں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مزید فیچرز کو متعارف کرانے والی ہے۔

دنیا کی مقبول ترین میسجنگ اپلیکشن کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں ایک نیا فیچر سامنے آیا ہے جس کو فریکوئنٹلی فارورڈ کا نام دیا گیا ہے۔

اس فیچر کے تحت ایسے پیغامات پر فریکوئنٹلی فارورڈڈ کا لیبل آجائے گا جب اسے 5 یا اس سے زائد بار شیئر کیا گیا ہوگا۔

یہاں تک کہ صارفین میسج انفو سیکشن میں جاکر یہ بھی دیکھ سکیں گے کہ اس مخصوص میسج کو اب تک کتنی بار فارورڈ کیا جاچکا ہے۔

کمپنی کو توقع ہے کہ اس سے لوگ کسی سنسنی پھیلانے والے پیغام کو آگے شیئر کرنے سے پہلے دوبار ضرور سوچنے کا موقع ملے گا۔

یہ تو ابھی واضح نہیں کہ یہ واٹس ایپ صارفین کے لیے کب تک متعارف کرایا جائے گا مگر امکان ہے کہ جلد ہی اسے پیش کردیا جائے گا۔

اسی طرح واٹس ایپ میں ایک نئے سرچ امیج فیچر کی آزمائش بھی ہورہی ہے جس کے ذریعے کسی تصویر کے بارے میں معلومات اپلیکشن کے اندر رہتے ہوئے گوگل سے حاصل کرسکیں گے۔

اس معلومات سے صارفین کو یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ یہ تصویر اصلی ہے یا فوٹوشاپ کا کمال، اسی طرح وہ تصویر کے پس منظر کے بارے میں بھی سب کچھ جان سکیں گے۔

اس سے قبل واٹس ایپ میں جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے فارورڈ میسج کی حد کو کم کرکے 5 کیا گیا، گروپ کے لیے نئے انتظامی کنٹرول متعارف کرائے جبکہ لاکھوں اسپام اکاﺅنٹس پر پابندی بھی عائد کی۔

گزشتہ سال دسمبر میں واٹس ایپ نے دنیا بھر کے صارفین پر ایک پیغام صرف 5 بار فارورڈ کرنے کی پابندی عائد کی تھی جبکہ کوئیک فارورڈ بٹن بھی ہٹادیا گیا تھا۔

2018 میں ہی واٹس ایپ کی جانب سے فارورڈ میسج لیبل دنیا بھر میں متعارف کرایا گیا تھا تاکہ لوگوں کو معلوم ہوسکے کہ یہ ان کے دوست نے خود لکھ کر نہیں بھیجا۔

اسی طرح بھارت اور پاکستان سمیت مختلف ممالک میں اخبارات میں پورے صفحے کے اشتہارات کے ذریعے صارفین کو جعلی خبروں کی شناخت کی ٹپس سے آگاہ کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں