پولو گراؤنڈ کیس: آصف زرداری کی بریت کے خلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر

اپ ڈیٹ 26 مارچ 2019
آصف زرداری کو 2014 میں پولو گراؤنڈ کیس میں بری کیا گیا تھا—فائل/فوٹو:ڈان
آصف زرداری کو 2014 میں پولو گراؤنڈ کیس میں بری کیا گیا تھا—فائل/فوٹو:ڈان

سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی پولو گراؤنڈ کیس میں بریت کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر قومی احتساب بیورو (نیب) کی اپیل 18 اپریل کو سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب پر مشتمل ڈویژن بینچ سابق صدر کی بریت کے خلاف دائر اپیل کی سماعت کرے گا۔

ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈویژن بینچ 18 اپریل کو آصف زرداری کی پولو گراؤنڈ کیس میں بریت کے خلاف نیب اپیل پر سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ سابق صدر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 28 مئی 2014 کو باعزت طور پر بری کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: زرداری پولو گراؤنڈ کیس میں باعزت بری

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ نیب اپنے ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری کے خلاف الزامات ثابت نہیں کرسکا اور اسی طرح استغاثہ کے گواہ ملزم کو سزا دلوانے کے لیے ناکافی ہیں۔

احتساب عدالت کا کہنا تھا کہ پولو گراؤنڈ ریفرنس کے مرکزی ملزمان پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔

بعد ازاں نیب نے 2014 میں ہی احتساب عدالت کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔

خیال رہے کہ آصف زرداری پر سرکاری خرچ پر وزیر اعظم ہاؤس میں پولو گراؤنڈ تعمیر کروانے کا الزام تھا اور اسی بنیاد پر ان کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات 1997 میں بنائے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے نیب کے سامنے بیانات قلمبند کرادیے

سابق صدر اور ان کے صاحبزادے و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 20 مارچ کو پارک لین اسٹیٹ کرپشن کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پیش ہوکر اپنے بیانات قلم بند کرائے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور ان کے والد سے تفتیش کے لیے مجموعی طور پر 16 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی اور دونوں سے علیحدہ علیحدہ ٹیموں نے نیب کی عمارت میں الگ الگ تفتیش کی جبکہ دونوں رہنماؤں کے آڈیو اور ویڈیو بیانات بھی ریکارڈ کیے گئے۔

ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی نے دونوں ٹیموں کی قیادت کی جبکہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری دونوں کو متعدد سوالات پر مشتمل سوالنامے دیے گئے۔

آصف زرداری سے 11 اور بلاول بھٹو سے 5 رکنی نیب کی ٹیم نے پارک لین کمپنی کے حوالے سے سوالات کیے، آصفہ بھٹو زرداری بھی اپنے بھائی بلاول کے ہمراہ تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں