بلوچستان میں فورسز کی کارروائی، 4 مبینہ دہشتگروں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا

اپ ڈیٹ 26 مارچ 2019
کارروائی کے دوران ایک اہلکار زخمی بھی ہوا، پولیس حکام — فائل فوٹو:
کارروائی کے دوران ایک اہلکار زخمی بھی ہوا، پولیس حکام — فائل فوٹو:

بلوچستان کے ضلع لورالائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران لیویز اہلکاروں پر حملے کے ماسٹرمائنڈ سمیت 4 مبینہ دہشتگردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (اے ایس پی) عطا الرحمٰن نے کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ خفیہ اطلاعات پر محکمہ انسدادِ دہشت گردی کے اہلکار، فرنٹیئر کور اور پولیس اہلکاروں نے مشترکہ طور پر لورالائی کے علاقے نصرآباد میں ایک کمپاؤنڈ پر چھاپہ مارا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کمپاؤنڈ میں موجود دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔

مزید پڑھیں: زیارت میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 6 لیویز اہلکار شہید

اس دوران ہی کمپاؤنڈ میں موجود 4 دہشت گردوں نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

اے ایس پی نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران فرنٹیئر کور کا ایک اہلکار فائرنگ کے تبادلے میں زخمی بھی ہوا ہے جسے فوری طور پر قریبی ہسپتال پہنچایا گیا۔

بعد ازاں سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق تفتیش کے لیے کمپاؤنڈ پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

یہ بھی دیکھیں: لشکر جھنگوی بلوچستان اور داعش کے درمیان روابط کا انکشاف

ایک سیکیورٹی افسر نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ لیویز اہلکاروں پر حملے کا ماسٹرمائنڈ بھی اپنے آپ کو دھماکا خیز مواد سے اڑانے والوں میں شامل ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے علاقہ لورالائی میں دہشت گردوں کی جانب سے مذموم کارروائیاں کی جاتی رہی ہیں۔

حال ہی میں بلوچستان کے علاقے سنجاوی میں دہشتگردوں کے حملے میں لیویز کے 6 اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں