آکسفورڈ یونیورسٹی راحت فتح علی خان کو اعزازی ڈگری دے گی

اپ ڈیٹ 27 مارچ 2019
راحت فتح علی خان مختلف کانسرٹس میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکے ہیں—فائل فوٹو: پرپل وینچیور
راحت فتح علی خان مختلف کانسرٹس میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکے ہیں—فائل فوٹو: پرپل وینچیور

آکسفورڈ یونیورسٹی رواں سال 8 افراد کو اعزازی ڈگری دے گی، جس میں پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان کا نام بھی شامل ہے۔

لندن میں انکائینیا کے نام سے ہونے والی اس سالانہ تقریب میں گلوکار یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈگری حاصل کریں گے۔

یونیورسٹی کی جانب سے راحت فتح علی خان کا تعارف ’صوفیانہ موسیقی قوالی کے پاکستانی گلوکار کے طور پر کیا گیا ہے‘۔

مزید پڑھیں: آکسفورڈ یونیورسٹی بھی راحت فتح علی خان کی معترف

اگر راحت فتح علی خان کی بات کی جائے تو انہوں نے اس گھرانے میں آنکھ کھولی جو جنوبی ایشیائی روایتی موسیقی کی پہچان سمجھا جاتا ہے، انہوں نے 7 سال کی عمر میں اپنی باقاعدہ تربیت کا آغاز کیا اور اب تک وہ 50 سے زائد البم ریلیز کرچکے ہیں۔

یہی نہیں وہ دنیا بھر میں مختلف بڑے کانسرٹس میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکے ہیں اور انہیں عالمی شہرت حاصل ہے جبکہ وہ آن لائن ایک ارب ویوز حاصل کرچکے ہیں۔

یونیورسٹی نے تعارف میں مزید لکھا کہ ’راحت فتح علی خان نے ٹیلی ویژن سیریلز کے 50 سے زائد ٹائٹل ٹریک گائیں ہیں اور وہ ہالی وڈ اور بالی وڈ دونوں میں 100 سے زائد فلموں کے گیت گا چکے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: ’اکتوبر‘ میں راحت فتح علی خان کی خوبصورت آواز

واضح رہے کہ گزشتہ برس ریہرسل ہال کو راحت فتح علی خان کا نام دیا گیا تھا اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انہیں اعزازات ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔

برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈگری دینے کی تقریب 26 جون کو ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں