یورپی یونین نے ایک مرتبہ استعمال ہونے والی پلاسٹک پر پابندی عائد کردی

اپ ڈیٹ 28 مارچ 2019
پلاسٹک مصنوعات پر پابندی کا اطلاق 2021 سے ہوگا فوٹو—: اے ایف پی
پلاسٹک مصنوعات پر پابندی کا اطلاق 2021 سے ہوگا فوٹو—: اے ایف پی

یورپی یونین نے ایک مرتبہ استعمال ہونے والی پلاسٹک کی مصنوعات اسٹرا، برتن کاٹن بڈز پر پابندی عائد کردی۔

فرانسیسی خبررساں ادارے ’ا ے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق قانون کی منظوری سے قبل یورپی یونین کے حکام اور رکن ممالک نے اس پابندی کی منظوری دی تھی جسے جلد از جلد قانون کی شکل میں ڈھالا جائے گا۔

یورپ میں ایک مرتبہ استعمال ہونے والی پلاسٹک پر پابندی کا اطلاق 2021 سے ہوگا۔

یورپی کمیشن کے نائب صدر ٹیمرمینز کا کہنا تھا کہ یورپ پلاسٹک کی بدترین آلودگی کا ذریعہ نہیں لیکن اس کے خلاف اٹھایا جانے والا پہلا قدم دنیا کے لیے مثال بنے گا۔

مزید پڑھیں: بھوک سے ہلاک ہونے والی وہیل کے پیٹ سے 40 کلو پلاسٹک برآمد

انہوں نے کہا کہ ’ جو کچھ ہم کررہے ہیں اس میں ایشیائی ممالک اور لاطینی امریکی ممالک بہت دلچسپی رکھتے ہیں‘۔

ٹیمرمینز کا کہنا تھا کہ ’ آلودگی میں یورپ کا کردار کافی محدود ہے، ہمارے معاشی ماڈل کی تبدیلی کے اثرات عالمی ہیں‘۔

اسٹراسبرگ اسمبلی میں پلاسٹک پر پابندی کے قانون کے حق میں 560 جبکہ مخالفت میں صرف 30 ووٹ دیے گئے تھے۔

پلاسٹک کی ان مختلف مصنوعات پر پابندی جن کے متبادل موجود ہیں،اس کے علاوہ یورپی یونین، رکن ممالک کو پلاسٹک پیکیجنگ کے استعمال میں کمی پر بھی آمادہ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پلاسٹک گردی: انسانی سہولت ماحولیات کے لیے تباہی سے کم نہیں

اس قانون میں 2029 تک ریسائیکلنگ کے لیے 90 فیصد پلاسٹک کی بوتلیں جمع کرنے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔

یورپی یونین کمیشن کے مطابق اس قانون میں جن مصنوعات پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں 70 فیصد مصنوعات ایسی ہیں جن کا فضلہ سمندروں میں جاتا ہیے جو آبی حیات کے لیے خطرہ ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں