کراچی: بھائی نے 'پسند کی شادی' کرنے پر بہن کو قتل کردیا

اپ ڈیٹ 29 مارچ 2019
خاتون نے 2018 میں پسند کی شادی کی تھی — فائل فوٹو / اے پی
خاتون نے 2018 میں پسند کی شادی کی تھی — فائل فوٹو / اے پی

کراچی کے علاقے سعید آباد میں بھائی نے پسند کی شادی کرنے پر بہن اور اس کے دیور کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 30 سالہ خاتون اپنے دیور کے ساتھ رکشے میں جارہی تھیں جب موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے پاکستان چوک کے علاقے میں داؤد گوٹھ میں ان پر فائرنگ کردی۔

پولیس سرجن ڈاکٹر قرار احمد کے مطابق خاتون اور ان کے دیور کو ڈاکٹر روتھ فاؤ سول ہسپتال لایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں غیرت کے نام پر لڑکا، لڑکی قتل، 2 ملزمان گرفتار

اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) عرفان آصف نے ڈان کو بتایا کہ خاتون نے 2018 میں پسند کی شادی کی تھی جسے ان کے خاندان نے قبول نہیں کیا تھا۔

افسر نے دعویٰ کیا کہ خاتون کے بھائی نے ایک مشتبہ ملزم کے ساتھ مل کر دہرا قتل کیا، ملزمان جائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

مقتول خاتون کا تعلق رند قبیلے جبکہ ان کے شوہر کا تعلق بروہی قبیلے سے تھا۔

پولیس کے مطابق تفتیش کاروں نے جائے وقوع سے 9 ایم ایم اور 30 بور پستول کے 4 خول جمع کیے۔

یہ بھی پڑھیں: پسند کی شادی پر ’اہل خانہ نے لڑکی کو قتل کردیا‘

ترجمان پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے خاتون اور ان کے دیور کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی غربی شوکت علی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں لڑکا اور لڑکی کو غیرت کے نام پر قتل کرکے ان کی لاشیں خالی پلاٹ میں پھینک دی گئی تھی۔

اس سے قبل مئی 2018 میں مظفر گڑھ کی تحصیل کوٹ ادو میں پسند کی شادی کرنے پر مبینہ طور پر لڑکی کو قتل کردیا تھا۔

لڑکی کے شوہر نے الزام عائد کیا تھا کہ لڑکی کے اہل خانہ پنچائیت کے ذریعے لڑکی کو اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں