کافر، مرتد اور تکفیر کی فیکٹریاں بند ہونی چاہیے، پیر نور الحق

اپ ڈیٹ 31 مارچ 2019
پاکستان اعتدال پسند ملک ہے—فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اعتدال پسند ملک ہے—فوٹو: اے ایف پی

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ اچھی نصیحت کے ساتھ لوگوں کو اللہ کے دین کی جانب بلایا جائے تاہم ہندووں، مسیحیوں اور دیگر مذہبی اکائیوں کو احترام کے مستحق ہیں اور کافر، مرتد اور تکفیر کی ’فیکٹریوں‘ کو قفل لگا دینا چاہیے۔

خاتون جنت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسجد و محراب کے مقدس مسند کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال کرنے گریز کیا جائے کیونکہ اصل رحمانی طاقتیں وہی ہیں جو ملاتی اور اکھٹا کرتی ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’اسلامی شخصیات کے مابین کوئی تنازع نہیں ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2019 جاری کردی

مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے واضع کیا کہ پاکستان اعتدال پسند ملک ہے لیکن یوم خواتین پر ’جو کچھ‘ ہوا سب نے دیکھا، وہ دن خواتین پر ایک ’بدنما دھبہ اور داغ‘ بن گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’وہ طاقتیں ہماری صفوں میں بگاڑ پیدا کرگئیں جو ’کافر کافر فلاں کافر‘ کرتے رہے لیکن ہمیں کسی تصادم اور کسی منشتر کیفیت کا شکار نہیں ہونا چاہے‘۔

انہوں نے کہا کہ اس دنیا میں سفینہ اہل بیت ہی راہ نجات ہے اور اہل سنت اہل بیت کے کسی ’بخل‘ کا شکار نہیں ہیں۔

پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ حضرت سیدہ فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا کی شخصیت مثالی ہے اور ہماری عزتیں اور بقاء و وجود انہی کی نسبت سے ہیں۔

مزیدپڑھیں: 'مذہبی امور کی وزارت قائداعظم کی کابینہ کا حصہ نہیں تھی'

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو قائد اعظم محمدعلی جناح اورعلامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر کے مطابق بنانا ہے لیکن یہ واضھ ہے کہ ہمیں آج نہیں تو کل مدینہ کی ریاست کی جانب رجوع کرنا ہوگا۔

پیر نور الحق قادری نے واضح کیا کہ ’ہم ریاست کو نہ مسجد بننے دیں گے نہ ہم مادر پدر آزادی کی خواہشات کو پورا ہونے نہیں دیں گے‘۔

علاوہ ازیں خاتون جنت کانفرنس سے صدر جماعت اہل حرم مفتی گلزار احمد نعیمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کانفرنس کشمیر، فلسطین، یمن اور جہاں کہیں مسلمان اور غیرمسلم ظلم کا شکار ہیں ان کے نام کرتا ہوں۔

انہوں نے سیدہ طیبہ طاہرہ حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا کی شان میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ اہل بیت کا احترام ہو یا کسی شخصیت کا احترام ہم سب کو عزت و تکریم کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ریاست مدینہ کا مطلب یہ نہیں کہ لوگوں کو مفت حج کرایا جائے، وزیر مذہبی امور

ان کا کہنا تھا کہ اہل سنت اپنے معتظم ہستیوں کا بہت احترام کرتے ہیں اور اہل سنت نے ہمیشہ اعتدال کا راستہ اختیار کیا۔

مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا کہ افسوس ہم غیروں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں تاہم وقت آگیا کہ ہم سب مل کر نفرتوں کو مٹائیں اور محبتوں کو فروغ دیں۔

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان پروفیسر ابراہیم خان کا کہنا تھا کہ آج تدریسی اداروں میں میں ہولی کا تہواراورعورت کے حقوق کا دن منایا جارہاہے ایسے میں یہ خاتون جنت کانفرنس کا اہتمام قابل تعریف ہے

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں