ملتان: ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کامیاب

اپ ڈیٹ 31 مارچ 2019
پی ٹی آئی کے مظہر عباس راں کے انتقال سے نشست خالی ہوئی تھی—فائل/فوٹو:اے ایف پی
پی ٹی آئی کے مظہر عباس راں کے انتقال سے نشست خالی ہوئی تھی—فائل/فوٹو:اے ایف پی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملتان سے پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 218 میں ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے امیدوار کو غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق 7 ہزار 416 ووٹ سے شکست دے کر نشست دوبارہ حاصل کرلی۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ملتان عاطف رحیم کی جانب سے جاری فارم-47 کےمطابق پی پی 218 ملتان 8 میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 3 ہزار 188ووٹر رجسٹرڈ تھے لیکن 92 ہزار 699 ووٹ کاسٹ ہوئے۔

غیرحتمی نتیجے کے مطابق 54 ہزار 366 مرد اور 38 ہزار 333 ووٹر نے ووٹ دیا اور مجموعی طور پر 90 ہزار 973 ووٹ کو درست قرار دیا گیا۔

فارم-47 کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ملک واصف مظہر نے 46 ہزار 670 ووٹ حاصل کیے، دوسرے نمبر پر پاکستان پیپلز پارٹی کے ملک محمد ارشد نے 39 ہزار 254 ووٹ حاصل کیے۔

آزاد امیدوار ملک شاہد عباس راں 3 ہزار 571 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے محمد اسرار الحق چیمہ کو ایک ہزار 146 ووٹ ملے۔

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 218 سے عام انتخابات میں کامیاب پی ٹی آئی کے امیدوارملک مظہر عباس راں جنوری میں انتقال کرگئے تھے جس کے بعد نشست خالی ہوگئی تھیں۔

پی ٹی آئی نے فروری میں خالی نشست کے لیے ملک مظہر عباس راں کے صاحبزادے ملک واصف راں کو ٹکٹ جاری کیا تھا جبکہ اسی دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پی پی پی امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوکر شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہا اور پولنگ اسٹیشنوں کی حدود میں موجود ووٹرز کو 5 بجے کے بعد بھی ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی گئی۔

حلقے کے تمام 138 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق حکمراں جماعت کے واصف مظہر راں 46 ہزار 988 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں جب کہ ان کے مدمقابل پی پی پی کے ارشد راں 39 ہزار 486 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کامیاب امیدوار ملک واصف اور پارتی چیئرمین عمران خان کو مبارک باد دی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اپوزشن سمجھ رہی تھی کہ 7 ماہ میں پی ٹی آئی کا گراف نیچے آیا ہے لیکن ملتان کے عوام نے کرپٹ ٹولے کو مسترد کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں موسیٰ گیلانی نے کہا تھا کہ مینڈیٹ چوری کیا گیا لیکن آج مینڈیٹ چوروں کی چوری پکڑی گئی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک واصف راں ساڑھے 7 ہزار ووٹ کی برتری سے جیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے انتخابات میں پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کو 62 ہزار 619 ملے تھے اور یہ رجسٹرڈ ووٹ کا 30 فیصد تھا لیکن آج ان کا ووٹ گر کر 22 فیصد پر آیا ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا 22 فیصد تھا اور تمھارے اکٹھے ہونے کے بعد آج 2 فیصد اضافے ساتھ 24 فیصد ہوا ہے، جب تم الگ الگ تھے تو ملک مظہرعباس راں 8 ہزار 342 ووٹوں سے ایم پی اے منتخب ہوئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

HAROON Apr 01, 2019 12:17am
Seems rigging.
HAROON Apr 01, 2019 12:17am
seems rigging