پیوڈی پائی شکست تسلیم کرتے ہی پھر نمبرون پوزیشن پر قابض

01 اپريل 2019
ٹی سیریز برتری حاصل کرکے پھر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی — شٹر اسٹاک فوٹو
ٹی سیریز برتری حاصل کرکے پھر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی — شٹر اسٹاک فوٹو

کافی عرصے سے گوگل کی ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر سوئیڈن سے تعلق رکھنے والے فیلکس اروید الف کجیلبرگ المعروف پیو ڈی پائی اور بھارتی کمپنی ٹی سیریز کے درمیان نمبرون سبسکرائبر بننے کی جنگ ہورہی ہے۔

اور گزشتہ چند دن کے دوران ٹی سیریز نے سوئیڈش یوٹیوبر کو پیچھے دھکیل کر نمبرون پوزیشن پر قبضہ جمایا مگر پوزیشن برقرار رکھنے میں ناکام رہی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پیوڈی پائی نے بھی ٹی سیریز کے مقابلے میں شکست کو تسلیم کرلیا تھا مگر اس کے ساتھ ساتھ ٹی سیریز پر ایک حملہ بھی کرتے ہوئے پورے بھارت کو تنقید کا نشانہ بنایا ، جس کے بعد وہ ایک بار پھر سبسکرائبر کی جنگ میں آگے نکل گئے۔

اتوار کو ایک ویڈیو پوسٹ کرکے پیو ڈی پائی نے اپنے حریف چینیل کو مبارکباد دیتے ہوئے بھارت میں غربت، ذات پات کے نظام کی جانب بھی اشارہ کیا۔

اپنی ویڈیو میں پیو ڈی پائی نے ٹی سیریز پر الزام عائد کیا کہ وہ چوری شدہ یا پائریٹ گانے فروخت کررہی ہے جبکہ انہوں نے ایک مضمون کا حوالہ بھی دیا کہ ٹی سیریز کے سربراہ بھوشن کمار پر ٹیکس چوری کے الزامات کے تھت تحقیقیات کی جارہی ہے۔

پیو ڈی پائی نے کہا ' بھارتی دماغی طور پر کمزور ہیں جبکہ وہاں بہت زیادہ غربت اور ذات پات کا نظام موجود ہے'۔

ان کا کہنا تھا 'بھارت نے یوٹیوب کے مسئلے کو تو حل کرلیا، اب اسے ذات پات کے نظام کو بھی ٹھیک کرنا چاہئے، ہوسکتا ہے کہ یہ تمام اشتہارات وہ پھیلتی غربت کو دور کردیں'۔

یہ جنگ گزشتہ سال اکتوبر میں شروع ہوئی تھی اور حیران کن طور پر 2018 کے آغاز میں ٹی سیریز کے سبسکرائبر محض 3 کروڑ تھے جن میں گزشتہ سال کی آخری ششماہی میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا۔

اس وقت ٹی سیریز کے سبسکرائبرز کی تعداد 9 کروڑ 21 لاکھ 79 ہزارسے زائد ہیں جبکہ پیو ڈی پائی کے سبسکرائبرز کی تعداد 9 کروڑ 22 لاکھ 15 ہزار سے زائد ہے اور دونوں کے درمیان 30 ہزار سے زائد کا فرق ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں