عمر اکمل کو آخری میچ سے قبل رات گئے باہر رہنے پر جرمانے کا سامنا

اپ ڈیٹ 09 اپريل 2019
عمراکمل نے سیریز میں 150 رنز بنائے اور 48 رنزان کی طویل اننگز تھی—فوٹو: پی سی بی
عمراکمل نے سیریز میں 150 رنز بنائے اور 48 رنزان کی طویل اننگز تھی—فوٹو: پی سی بی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بلے باز عمر اکمل پر آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پانچویں اور آخری میچ سے قبل ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رات دیر تک ٹیم کے ہوٹل سے باہر رہنے پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عمر اکمل کو دبئی میں آسٹریلیا کے خلاف پانچویں میچ سے قبل رات کو باہر جانے پر میچ فیس کے 20 فیصد جرمانے کے علاوہ انتظامیہ کی جانب سے باقاعدہ تنبیہ بھی کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستانی ٹیم کو پانچویں ایک روزہ میچ میں 21 رنز سے شکست دے کر کلین سوئپ کیا تھا اور اس میچ میں پاکستان کی جانب سے عمر اکمل نے 43 رنز بنائے تھے، جبکہ حارث سہیل کی 130 رنز کی بہترین اننگز بھی ٹیم کے کام نہیں آئی تھی۔

مزید پڑھیں: آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک روزہ سیریز میں عبرت ناک شکست دے دی

پی سی بی کے مطابق عمر اکمل نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے فعل پر معذرت کی اور ٹیم منیجر طلعت علی کی جانب سے دی گئی سزا کو قبول کیا ہے۔

پی سی بی کے مینجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کا کہنا تھا کہ ‘مجھے خوشی ہے کہ عمر اکمل کو اپنی غلطی کا احساس ہے اور اعتراف کیا اور اپنی غلطیوں پر معذرت بھی کی’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ مکمل طور پر غیر پیشہ ورانہ ہے اور کسی صورت نظر انداز یا صرف نظر نہیں کیا جاسکتا ہے’۔

وسیم خان نے کہا کہ ‘پی سی بی کو اپنے کھلاڑیوں سے اعلیٰ معیار کے پیشہ ورانہ رویے اور عزم کی توقع ہے اور یہ کارروائی بروقت یاد دہانی اور خبردار کرنے کے لیے ہے کہ ڈسپلن کی کسی قسم کی خلاف ورزی قبول یا برداشت نہیں کی جائے گی’۔

یہ بھی پڑھیں: وائٹ واش کے باوجود مکی آرتھر ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن

خیال رہے کہ عمر اکمل کو طویل عرصے بعد آسٹریلیا کے خلاف حالیہ سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اور پانچوں میچوں میں انہیں موقع فراہم کیا گیا، لیکن ان کی کارکردگی ٹیم کے لیے باعث اطمینان ثابت نہ ہوسکی اور ٹیم کو سیریز میں عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

عمر اکمل نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 30 کی اوسط سے 150 رنز بنائے اور سیریز کے پہلے میچ میں کھیلی گئی 48 رنز کی اننگز ان کا سب سے بڑا اسکور تھا، جبکہ انہوں نے آخری میچ میں 43 رنز بنائے تھے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے عمر اکمل نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا تھا اور گلیڈی ایٹرز نے لیگ کا چوتھا سیزن جیت کر نئے چمپیئن کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں