بھارت کی 'ایل او سی' پر بلااشتعال فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، 5 زخمی

02 اپريل 2019
بھارتی فوج نے پاکستانی چیک پوسٹوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا، انصار صدیق — فائل فوٹو: اے ایف پی
بھارتی فوج نے پاکستانی چیک پوسٹوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا، انصار صدیق — فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک بزرگ شہری جاں بحق اور دو خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

حویلی کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز فارورڈ کہوٹہ کے پولیس افسر انصار صدیق نے ڈان کو بتایا کہ بھارتی فوج نے پیر کی صبح 7 بجے نیزہ پیر پر ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے پاکستانی چیک پوسٹوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ گولے کے اسپلنٹرز لگنے سے اَخوری گاؤں میں مویشیوں کو چڑھانے والے 75 سالہ بزرگ شہری غلام محمد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

انصار صدیق نے کہا کہ اسی سیکٹر کے گاؤں کیرنی میں 15 سالہ محمد یوسف اور 15 سالہ محمد آصف جبکہ مَندھار گاؤں میں 55 سالہ اکبر جان اور 11 سالہ محمد شہزاد زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں: بھارتی فورسز کی فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوانوں سمیت 4 افراد شہید

زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز کہوٹہ میں پاک فوج کے زیر انتظام چلنے والے مرکز صحت منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔

ضلع کوٹلی کے ایک عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ گوئی اور تتہ پانی سیکٹرز میں گزشتہ رات سے شدید شیلنگ کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شیلنگ سے گوئی بٹالی گاؤں میں 28 سالہ خاتون رُبینہ کوثر زخمی ہوئیں جبکہ تتہ پانی سیکٹر کے گاؤں دَھنا میں 2 گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں: لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، خاتون جاں بحق

بھارت کی اشتعال انگیزی کے باعث ضلعی انتظامیہ نے تتہ پانی سیکٹر میں امتحانی مرکز کو بھی منتقل کردیا۔

بھارت کی جانب سے ضلع پونچھ کے قریب بٹل سیکٹر میں بھی شدید شیلنگ کی گئی، تاہم وہاں سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

تبصرے (0) بند ہیں