وزیر خارجہ، مائیک پومپیو کا افغان امن عمل پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

02 اپريل 2019
جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے لیے کشیدگی میں کمی لانا ضروری ہے، دونوں رہنماؤں میں اتفاق — فائل فوٹو / دفتر خارجہ
جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے لیے کشیدگی میں کمی لانا ضروری ہے، دونوں رہنماؤں میں اتفاق — فائل فوٹو / دفتر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو کے درمیان افغان امن عمل پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔

ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا اور اتفاق کیا کہ جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے لیے کشیدگی میں کمی لانا ضروری ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاک ۔ امریکا باہمی تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں، جبکہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے امریکا کا کردار قابل ستائش ہے۔

یہ بھی پڑھیں: زلمے خلیل زاد جلد پاکستان، افغانستان کا دوبارہ دورہ کریں گے

انہوں نے مائیک پومپیو کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لیے کی جانے والی کوششوں اور پیشرفت سے متعلق بریف کیا۔

وزیر خارجہ نے پاکستان کی طرف سے بھارتی پائلٹ کی حوالگی سمیت خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے کی جانے والی دیگر کاوشوں سے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام تصفیہ طلب امور پر مذاکرات کے دوبارہ آغاز کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا جبکہ اس عمل میں پاکستان کی طرف سے جاری سہولت کاری پر بھی گفتگو ہوئی۔

مزید پڑھیں: زلمے خلیل زاد، افغان امن معاہدے پر بین الاقوامی حمایت کیلئے سرگرم

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انٹرا افغان مذاکرات امن عمل کا اہم جزو ہیں۔

انہوں نے امریکا اور پاکستان کی اعلیٰ قیادت کے درمیان روابط کے فروغ پر بھی زور دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں