اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کے لیے پانی استعمال کے چارجز کو خیبرپختونخوا اور پنجاب کے برابر لانے کے لیے اسے 25 پیسہ فی یونٹ سے بڑھا کر ایک روپے 10 پیسے فی یونٹ کردیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے آزاد کشمیر حکومت کو 11 ارب روپے کی اضافی آمدنی ہوگی اور اس کی ریونیو سرپلس بنے گا۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس سے قبل منگلا ڈیم کے پانی کے استعمال کی وجہ سے آزاد کشمیر کو سالانہ 7 کروڑ روپے حاصل ہورہے تھے۔

مزید پڑھیں: فیصل واوڈا کا نامناسب رویہ، صحافیوں کا پریس کانفرنس کا بائیکاٹ

وفاقی وزیر نے کہا کہ قیمت میں اضافہ منگلا ڈیم، نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ اور مستقبل میں آنے والے بجلی کے منصوبوں سے بجلی کی پیداوار پر بھی لاگو ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کی سابق حکومت نے 2016 میں خیبرپختونخوا اور پنجاب کے لیے نیٹ ہائیڈل منافع (بجلی منافع) بڑھایا تھا لیکن آزاد کشمیر کے ساتھ یہ سلوک اختیار نہیں کیا گیا تھا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ ’اگرچہ اس وقت آزاد کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے لیکن ہم نے اس ناانصافی کو ٹھیک کردیا، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ آزاد کشمیر کے عوام کا حق ہے اور ہماری جماعت پارٹی سیاست سے بالاتر سوچتی ہے‘۔

اپنی گفتگو کے دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ کم وقت کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے آزاد کشمیر کو دیگر صوبوں کے برابر لانے کا فیصلہ کیا۔

969 میگا واٹ کے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی گزشتہ برس اپریل میں تکمیل کی تعریف کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبہ اپنی صلاحیت سے 3 گناہ زیادہ بجلی پیدا کررہا ہے اور کسی بھی منصوبے کی صلاحیت کا استعمال 70 سے 80 فیصد آگے چلا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم منصوبہ ہر سال 50 ارب روپے تک کمائی گا اور اس کا آغاز رواں سال سے ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: فیصل واوڈا پانی کا تنازع حل کرنے میدان میں آگئے

سندھ میں پانی کی کمی اور صوبے کے کچھ دیہی اضلاع میں شٹر ڈاؤن ہڑتال سے متعلق سوال پر فیصل واوڈا نے کہا کہ ’اس معاملے پر میں کوئی تبصرہ نہیں کروں گا کیونکہ 18 ویں ترمیم کے بعد یہ صوبائی معاملہ ہے اور وفاقی حکومت کے ایسے معاملات میں کوئی کردار نہیں ہے‘۔

تاہم اس کے باوجود انہوں نے کہا کہ حب ڈیم جو کراچی کو پانی کی فراہمی کرتا ہے وہاں سے پانی کی چوری سے متعلق کچھ شکایات موصول ہوئی ہیں اور اس معاملے کو وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ اٹھایا گیا ہے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ کچھ ڈائیورشن لائنز بنائی گئی ہیں اور وہاں سے پانی چوری کیا جارہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں