کوہاٹ: پسند کی شادی کر نے پر نوجوان کا لرزہ خیز قتل

اپ ڈیٹ 06 اپريل 2019
پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا آغاز کردیا — فوٹو: شٹراسٹاک
پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا آغاز کردیا — فوٹو: شٹراسٹاک

خیبرپختونخوا کے علاقے کوہاٹ کے قبائلی علاقے کی تحصیل درہ آدم خیل میں ایک نوجوان کو پسند کی شادی کرنے پر اینٹیں مار کر قتل کردیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق قتل ہونے والے شخص نے چند ماہ قبل ایک قبائلی لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی۔

جنگل خیل علاقے کے رہائشی کی مسخ شدہ لاش حافظ آباد کے قریب سے برآمد ہوئی، جسے انتہائی بے دردی سے اینٹیں اور پتھر مار کر قتل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پسند کی شادی: ماں نے بیٹی کو زندہ جلاکر قتل کردیا

مقتول نے چند ماہ قبل شادی کی تھی اور اس کی اہلیہ اپنے اہلِ خانہ کی مخالفت کے باوجود اس سے شادی کرنے کےلیے تیار ہوگئی تھی، جسے انہوں نے اپنی تذلیل سمجھا۔

مقتول کے والد نے اپنے بیٹے کے قتل کا الزام، درہ آدم خیل سے ہی تعلق رکھنے والے قاسم خیل قبیلے کے فضل اکبر کو نامزد کیا۔

بعد ازاں علاقہ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا آغاز کردیا۔

قبل ازیں 4 فروری کو بھی کوہاٹ میں ایک شخص نے غیرت کے نام پر اپنی بہن اور ایک نوجوان کو قتل کردیا۔

یہ بھی دیکھیں: پسند کی شادی کی خواہش، باپ نے بیٹے کی آنکھیں نکال دیں

پولیس نے بتایا تھا کہ بہزادی چکہ کوٹ کے علاقے نوری آباد میں ایک شخص نے اپنی بہن کو اس کے اپنے ہی گھر میں مبینہ طور پر آشنا کے ساتھ قابلِ اعتراض حالت میں پا کر قتل کیا۔

اس سے قبل کوہاٹ کے علاقے سورگال میں غیرت کے نام پر مبینہ طور پر والد اور بھائی نے 17 سالہ لڑکی کو گلا دبا کر قتل کردیا تھا۔

کوہاٹ پولیس کے ترجمان کے مطابق مقتولہ کے کچھ عزیزوں نے رپورٹ کیا تھا کہ گھر میں ایک لاش پڑی ہے جبکہ مقتولہ کے والد اور بھائی واقعے کے فوری بعد فرار ہوگئے۔

مزید پڑھیں: پسند کی شادی کرنے والی لڑکی سے اراکین پنچایت کا مبینہ ریپ

اس سے قبل کوہاٹ میں ہی حنا شاہنواز قتل کیس سامنے آیا تھا جس میں ان کے کزن محبوب عالم نے انہیں 4 گولیاں مار کر قتل کردیا تھا۔

حنا اسلام آباد میں ایک این جی او سے منسلک تھیں اور ان کی والدہ اور بھابی کی کفالت ان کے ذمہ تھی کیونکہ ان کے والد اور بھائی کا انتقال ہوچکا تھا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق حنا کا کزن محبوب ان کی ملازمت کے خلاف تھا اور انہیں متعدد مرتبہ اس سے منع کرچکا تھا، تاہم انہوں نے اپنی ملازمت جاری رکھی، جس کے باعث محبوب نے مبینہ طور پر انہیں قتل کردیا۔

تبصرے (0) بند ہیں