پشاور: ٹرانزٹ بس کی ٹکر سے خاتون جاں بحق

بی آر ٹی کے اسٹیشنز پر کام مکمل ہونا باقی ہے— فوٹو: شہباز بٹ
بی آر ٹی کے اسٹیشنز پر کام مکمل ہونا باقی ہے— فوٹو: شہباز بٹ

پشاور میں ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے (بی آر ٹی) کی بس کی ٹکر سے خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق متوفیہ لبنیٰ فیز تھری چوک کے قریب بی آر ٹی کاریڈور کے اندر سے گزر رہی تھیں کہ انہیں بس نے ٹکر مار دی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئیں۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور بس منصوبے کیلئے فرانس 13 کروڑ یورو کا قرض فراہم کرے گا

پولیس نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کو ہنگامی طور پر حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

دوسری جانب ایچ ایم سی کے ترجمان نے ڈان نیوز کو بتایا کہ ’متاثرہ خاتون کو تقریباً ڈھائی بجے شعبہ ایمرجنسی لایا گیا لیکن وہ پہلے ہی دم توڑ چکی تھیں‘۔

اطلاعات کے مطابق متوفیہ وارسک روڈ کی رہائشی تھیں۔

ٹرانس پشاور (بی آرٹی کمپنی) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 'حادثے کے ذمہ دار کے تعین کے لیے تحقیقات کا آغاز ہوچکا ہے۔'

مزید پڑھیں: پشاور بس منصوبے کا افتتاح غیر معینہ مدت تک ملتوی

کمپنی کے ترجمان منصور نعمان نے بتایا کہ ’ڈرائیوروں کی ٹریننگ کے لیے بس روٹ پر تھی اور حیات آباد کے راستے پر حادثہ پیش آیا‘۔

حیات آباد پولیس نے واقعے کے بعد متوفیہ کے شوہر کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کرلی۔

پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او نے بتایا کہ ’ایف آئی آر میں تاحال کسی کو نامزد نہیں کیا گیا‘۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ ’پولیس، بی آر ٹی حکام اور پی ڈی اے حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: خراب منصوبہ بندی کس طرح پشاور کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہے؟

واضح رہے کہ بی آر ٹی منصوبہ طویل عرصے سے التوا کا شکار ہے، پشاور ہائی کورٹ نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ کوریڈور (بی آر ٹی) منصوبے کو ناقابل اعتماد اور ناقابل اعتبار قرار دیتے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب) کو اس کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

ہائی کورٹ نے 7 ماہ قبل حکام کو مذکورہ منصوبے پر کام جاری رکھنے اور اس کی پیشرفت رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں