منڈی بہاؤ الدین میں ’غیرت کے نام پر’ لڑکا اور لڑکی قتل

اپ ڈیٹ 09 اپريل 2019
ملزم فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا، لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا—فوٹو: شٹر اسٹاک
ملزم فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا، لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا—فوٹو: شٹر اسٹاک

صوبہ پنجاب کے علاقے منڈی بہا الدین میں والد نے مبینہ غیرت کے نام پر اپنی بیٹی سمیت ایک لڑکے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ آہدی شریف میں پیش آیا، جہاں لڑکی کے والد نے اپنی بیٹی کو لڑکے کے ساتھ دیکھا اور غصے میں آکر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ دوہرے قتل کی واردات غیرت کا شاخسانہ معلوم ہوتی ہے جبکہ قتل ہونے والوں میں 19 سالہ لڑکا الماس جبکہ 17 سالہ لڑکی توشیبا شامل ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب: 'غیرت کے نام پر' بھائی کے ہاتھوں 17 سالہ بہن قتل

واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے پولیس کا کہنا تھا کہ والد نے اپنی بیٹی کو لڑکے کے ساتھ دیکھا اور فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

تاہم ملزم فائرنگ کے فوری بعد فرار ہوگیا جبکہ لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ملک کے مختلف حصوں میں مبینہ غیرت کے نام پر قتل کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں، جس میں کئی افراد کو قتل کیا جاچکا ہے۔

رواں سال ماہ فروری میں کوہاٹ میں ایک شخص نے غیرت کے نام پر اپنی بہن اور ایک نوجوان کو قتل کردیا تھا۔

اس سے قبل گزشتہ برس دسمبر میں منڈی بہاوالدین میں سگے بھائی نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر گلا دبا کر 17 سالہ بہن کو قتل کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کوہاٹ میں غیرت کے نام پر 2 افراد قتل

پولیس کا کہنا تھا کہ اس سے قبل مقتولہ پر الزام تھا کہ انہوں نے چند ماہ قبل اپنے خاوند کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔

گزشتہ برس جون میں ڈیرہ غازی خان میں عیدالفطر کے دوران ایک مقامی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اور شاعرہ کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ 20 مئی 2018 چکوال میں 4 بھائیوں نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنی 50 سالہ والدہ کو قتل کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں