وزیراعظم کا امریکا کے ساتھ فوجی تعاون جاری رکھنے پر زور

09 اپريل 2019
جنرل کینتھ میکینزی جونیئر  نے وزیراعظم عمران خان سے ملقات کی—تصویر بشکریہ پی آئی ڈی
جنرل کینتھ میکینزی جونیئر نے وزیراعظم عمران خان سے ملقات کی—تصویر بشکریہ پی آئی ڈی

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سلامتی کے لیے بڑھتے ہوئے خطرات بالخصوص داعش سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور امریکا کے درمیان فوجی تعاون جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات امریکی سینٹرل کمانڈ (کینٹکوم) کے جنرل کینتھ میکینزی جونیئر سے گفتگو کے دوران کہی جو 28 مارچ کو عہدہ سنبھالنے کے بعد خطے کے تعارفی دورے پر ہیں اور اس سلسلے میں 2 روز کے لیے پاکستان آئے تھے۔

بات چیت کے دوران عمران خان نے افغانستان میں جاری طویل تنازع کے خاتمے کے لیے بہترین حل کے طور پر افغان فریقین کے درمیان مذاکرات کے آغاز پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: افغان امن عمل میں کوششوں پر پاکستان کا شکریہ، امریکی نمائندہ خصوصی

خیال رہے کہ امریکا نے حال ہی میں افغان فریقین کے درمیان مذاکرات پر ڈیڈلاک توڑنے کے لیے ’ماسکو طرز‘ پر بات چیت کے اپنے نئے منصوبے کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔

اس موقع پر وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ’اسٹیک ہولڈرز کو چاہیے کہ غیر ملکی افواج کی واپسی کے بعد آپس میں مل بیٹھ کر اپنے مستقبل کی سیاست کی شکل کے حوالے سے بات چیت کریں‘۔

اس کے ساتھ انہوں نے سیاسی تصفیے کے ذریعے افغانستان میں امن و استحکام کے پاکستانی حکومت کے عزم کو ایک مرتبہ پھر دہرایا۔

مزید پڑھیں: پاک فوج کا نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی حمایت کے عزم کا اظہار

اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے اپنی حکومت کے وعدے کا بھی ذکر کیاجس میں انہیں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔

اس کے ساتھ انہوں نے انسانی ترقی اور بھرپور معاشی اصلاحات سمی اپنی حکومتی ترجیحات سے آگاہ کیا اور انہوں نے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ نارمل تعلقات کے پاکستان کے موقف کو دہرایا۔

جنرل میکینزی نے اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ساتھ وزیر دفاع پرویز خٹک، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ ، چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل قمر باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات، چیف آف ایئر اسٹاف ایئرایئر چیف مارشل مجاہد انور اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر عباسی سے بھی ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں: قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، کور کمانڈرز

ملاقات کے بارے میں امریکی سفارت خانے ست جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ جنرل میکینزی نے خطے کی سلامتی اورع استحکام کے لیے امریکی عہد کا اعادہ کیا۔


یہ خبر 9 اپریل 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں