عہدہ نہ ملنے پر شہید ہارون بلور کے بیٹے نے عوامی نیشنل پارٹی چھوڑدی

پارٹی قیادت کے رویے کی وجہ سے  فیصلہ کیا، دانیال بلور
فوٹو: ڈان نیوز —
پارٹی قیادت کے رویے کی وجہ سے فیصلہ کیا، دانیال بلور فوٹو: ڈان نیوز —

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے شہید رہنما ہارون بلور کے بیٹے دانیال بلور نے عہدے نہ ملنے پر پارٹی چھوڑدی۔

دانیال بلور انٹرا پارٹی انتخابات میں سیکریٹری اطلاعات کے لیے نامزد امیدوار تھے تاہم قیادت کی جانب سے انتخابات سے دستبردار کرانے کی کوشش کی وجہ سے انہوں نے پارٹی چھوڑ دی۔

21 سالہ دانیال بلور اے این پی خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات کے عہدے کے لیے نامزد امیدوار تھے۔

پارٹی قیادت کو بھیجے گئے استعفیٰ میں دانیال بلور نے دعویٰ کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی ’ جمہوری اقدار کے منافی، مجھے نامزدگی سے دستبردار کروانا چاہتی ہے ‘۔

مزید پڑھیں: پشاور: اے این پی کی انتخابی مہم کے دوران دھماکا، ہارون بلور سمیت 20 جاں بحق

انہوں نے استعفے میں لکھا کہ ’ پارٹی کے لیے بےشمار قربانیاں دینے کے باوجود پارٹی قیادت کے رویے کی وجہ سے میں نے مستعفی ہونےکا فیصلہ کیا ہے‘۔

اے این پی کےسینئر رہنما غلام بلور نے دانیال کے مستعفی ہونے کے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی قیادت سےخوش نہیں تھے۔

غلام بلور نے بتایا کہ پارٹی قیادت نے اے این پی کے سیکریٹری اطلاعات کا عہدہ ہارون بلور کی بیوہ کو دینے کی پیشکش کی تھی لیکن انہوں نے اس کے لیے دانیال بلور کا نام تجویز کیا۔

انہوں نے دعویٰ کہ ’ پارٹی قیادت نے اس بات پر اتفاق کیا تھا اور یقین دہانی کروائی تھی کہ دانیال بلور بلامقابلہ منتخب ہوں گے‘۔

غلام بلور نے کہا کہ ’ قیادت نے بعد میں یوٹرن لیتے ہوئے دانیال کو انتخاب سےدستبردار ہونے کا حکم دیا ‘۔

دانیال کے آئندہ عزائم سے متعلق غلام بلور نے بتایا کہ دانیال اے این پی سے استعفیٰ دے چکے ہیں اور سیاسی مستقبل سے متعلق فیصلہ کرنے سے قبل اہلخانہ سے مشورہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور دھماکے میں ہارون بلور سمیت متعدد افراد جاں بحق

انہوں نے بتایا کہ ’ دانیال بلور نے اب تک کسی اور سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔

خیال رہے کہ 10 جولائی 2018 کو اے این پی کے امیدوار ہارون بلور پشاور کے علاقے یکہ توت میں انتخابی مہم کے دوران انتخابی مہم کے سلسلے میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرنے آرہے تھے کہ دھماکا ہوگیا جس میں وہ زخمی ہوئے، تاہم بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

ہارون بلور پشاور سے صوبائی اسمبلی پی کے 78 سے امید وار تھے، اس کے علاوہ اے این پی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات بھی تھے۔

اس سے قبل 2012 میں ہارون بلور کے والد بشیر بلور انتخابی مہم کے دوران خودکش بم دھماکے میں جاں بحق ہوئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں