جب ایف 16 طیارے کی توپ نے ہدف کے بجائے خود کو ہی نشانہ بناڈالا

09 اپريل 2019
ایک ایف 16 طیارہ اڑان بھر رہا ہے — اے ایف پی فائل فوٹو
ایک ایف 16 طیارہ اڑان بھر رہا ہے — اے ایف پی فائل فوٹو

ایف 16 لڑاکا طیارے کی پرواز کے دوران ایسا واقعہ پیش آیا جس کے بارے میں آج تک کسی نے سوچا تک بھی نہیں تھا بلکہ اسے 'تاریخ ساز' قرار دیا جاسکتا ہے۔

ملٹری ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق درحقیقت نیدرلینڈ میں ایک ایف 16 طیارے نے تربیتی پرواز کے دوران ہدف کے بجائے خود کو ہی اس وقت نشانہ بنالیا جب پائلٹ نے طیارے کی 20 ایم ایم روٹری توپ سے فائر کیا۔

جی ہاں واقعی اس عجیب واقعے کی تصدیق نیدرلینڈ کے ریاستی خبررساں ادارے نے کرتے ہوئے بتایا کہ طیارے کو کافی حد تک نقصان پہنچنے پر ڈچ پائلٹ نے ایک ائیربیس میں ایمرجنسی لینڈنگ کی۔

رپورٹ کے مطابق کم از کم ایک راﺅنڈ طیارے کے باہری حصے کو پھاڑتا ہوا نکل گیا جبکہ انجن میں بھی بارود کے ریزے دریافت کیے گئے۔

نیدرلینڈ کی وزارت دفاع کے انسپکٹر جنرل وم بیگیربوس نے بتایا 'یہ ایک سنگین واقعہ ہے، ہم اس بارے میں مکمل تحقیقات کرنا چاہتے ہیں کہ ایسا کیسے ہوا اور کیسے ہم مستقبل میں اس کی روک تھام کرسکتے ہیں'۔

امریکی ساختہ طیاروں میں کئی خرابیاں سامنے آئی ہیں جن میں سب سے نمایاں دوران پرواز آکسیجن سسٹم فیل ہونا ہے مگر کوئی طیارہ خود پر فائر کردے خصوصاً اپنی خودکار توپ سے، ایسا کبھی سننے میں نہیں آیا اور ناممکن سمجھا جاتا ہے۔

اس قسم کا پہلا واقعہ 1956 میں سننے میں آیا تھا جب ناروے کے ایک سابق نیوی آفیسر کو ایف 11 ایف 1 ٹائیگر اڑاتے ہوئے اس طرح کی مصیبت کا سامنا ہوا۔

20 ہزار فٹ کی بلندی پر جب طیارے کی 20 ایم ایم روٹری توپ سے فائرنگ کی گئی تو گولے نے خود طیارے کو نشانہ بنادیا، جس پر اسے ایمرجنسی میں لینڈنگ کرنا پڑی مگر طیارہ تباہ ہوگیا جبکہ پائلٹ شدید زخمی ہوا۔

اس واقعے کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ جب انتہائی تیزی سے طیارے سے گولے داغے گئے تو اس سے توپ سے گولوں کے نکلنے کی رفتار بہت کم ہوگئی اور اس کے نتیجے میں اس نے اپنے طیارے کو ہی نشانہ بنادیا۔

مگر نیدرلینڈ میں ایف 16 کو پیش آنے والے واقعے کی ابھی تک کوئی تسلی بخش وضاحت سامنے نہیں آئی، لیکن امریکی ساختہ طیارے نے ایک نئی قسم کی تاریخ ضرور رقم کردی۔

تبصرے (1) بند ہیں

qwerty Apr 10, 2019 03:58am
J F 16?