فیشن ویک کا پہلا روز زارا شاہ جہاں اور ثانیہ مسکتیا کے نام

اگر پاکستان میں اس وقت کوئی کاروبار بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے تو وہ فیشن انڈسٹری ہے جو ہر سال نت نئے فیشن کے انداز پیش کرکے شائقین کا دل جیت رہی ہے۔

پاکستان کی فیشن انڈسٹری سے کئی نئے ڈیزائنرز منسلک ہورہے ہیں تو کئی پرانے ڈیزائنرز نئے فیشن کو سامنے لانے کے ساتھ اپنی مضبوط جگہ بنانے میں کامیاب ہیں۔

جیسے جیسے فیشن بھی گزرتے وقت کے ساتھ تبدیل ہورہا ہے ویسے ویسے ڈیزائنرز بھی ان رہنے کے لیے ایسے منفرد اور دلچسپ ڈیزائنز سامنے لانے کی جدوجہد میں لگے ہیں۔

اس ہی حوالے سے کراچی میں پاکستان فیشن ڈیزائن کونسل (PFDC) کے تحت پاکستان سنسلک فیشن ویک (PSFW) منعقد ہوا جس کے پہلے روز کئی نامور ڈیزائنرز نے اپنے اپنے ملبوسات کی کلیکشن ریمپ پر پیش کی۔

پہلے روز زارا شاہ جہاں، ثانیہ مسکتیا، حسین ریہار، یاسر وحید اور فہد حسین جیسے ڈیزائنرز نے اپنی کلیکشنز ریمپ پر پیش کیں۔

جبکہ ثانیہ مسکتیا اور زارا شاہ جہاں اپنے منفرد ڈیزائن کے ساتھ پہلے روز سب کی سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والی ڈیزائنرز بن کر سامنے آئیں۔

زارا شاہ جہاں

نامور پاکستانی ڈیزائنر زارا شاہ جہاں کئی عرصے بعد اپنی کلیکشن کے ساتھ فیشن شو کا حصہ بنی، تاہم انہوں نے اپنی اس کلیکشن سے سب کو حیران کردیا۔

انہوں نے ماڈلز کو اپنے خوبصورت ملبوسات پہنا کر ریمپ پر واک کرائی اور اس دوران ہر ایک جوڑا تعریف کے قابل سمجھا گیا۔

زارا شاہ جہاں نے اپنے ملبوسات کو اس مرتبہ کافی حد تک تبدیل کیا، انہوں نے نہ صرف نئے رنگوں کا انتخاب کیا بلکہ جوڑوں کے اسٹائل کو بھی ایک مثبت تبدیلی دی۔

ڈیزائنر کے مطابق ان کی یہ کلیکشن بازار میں آتے ہی نمبر ون بننے کی صلاحیت رکھتی ہے کیوں کہ اس میں شادی سے لے کر عید کے موقع پر پہننے تک کے ملبوسات موجود ہیں۔

ثانیہ مسکتیا

ڈیزائنر ثانیہ مسکتیا کی کلیکشن بھی فیشن ویک کے پہلے روز ناظرین کا دل جیتنے میں کامیاب ہوئی۔

ان کی کلیکشن میں بھی شادی میں پہننے سے لے کر عید کے موقع پر پہنے جانے والے ملبوسات موجود تھے، جبکہ چند نہایت خوبصورت عروسی جوڑے بھی اس دوران پیش کیے گئے۔

ثانیہ مسکتیا نے بھی اپنی اس کلیکشن کے لیے رنگوں اور باریک کام کا خاصہ استعمال کیا اور یہی دونوں چیزوں کی وجہ سے ان کے ملبوسات بےانتہا پسند کیے گئے۔

حسین ریہار

ڈیزائنر حسن ریہار کی کلیکشن کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ یہ باقی ڈیزائنرز سے خاصی منفرد نظر آئی۔

حسن باقی فیشن ڈیزائنرز کے مقابلے اس فیلڈ میں خاصے نئے ہیں اس کے باوجود ان کے ملبوسات میں ان کے اسٹائل کی ایک الگ جھلک نظر آتی ہے جو آج کل ڈیزائنرز کی کلیکشن میں نہیں ہوتی۔

حسن ریہار نے فیشن ویک کے پہلے روز گہرے رنگوں سے بنے کوٹس، پینٹ، جیکٹ اور گاؤن جیسے ملبوسات پیش کیے، عام طور پر اس قسم کے ملبوسات پہنے تو نہیں جاتے البتہ حسن کو ان کے منفرد اسٹائل کے لیے بہت زیادہ سراہا گیا۔

یاسر وحید

پاکستانی فیشن انڈسٹری میں لان کے کپڑوں کو فیشن بنانے والے ڈیزائنرز میں سے ایک نام یاسر وحید کا بھی ہے اور اپنے اس فیشن شو میں بھی وہ اس ہی کپڑے کے ساتھ بنی کلیکشن کو پیش کرتے نظر آئے۔

یاسر وحید نے لان کی کلیکشن ریمپ پر پیش کی، جو نہایت خوبصورت پرنٹس یعنی رنگوں اور ڈیزائنز کے ساتھ تیار ہوئی تھی۔

اس کلیکشن میں چند ملبوسات بہت زیادہ متاثر کن رہے جبکہ کچھ کو دیکھ کر مایوسی ہوئی، اس کے باوجود لان کے کپڑے کا یہ خوبصورت استعمال تعریب کے قابل ہے۔

ویسے تو ریمپ پر پیش کی جانے والی زیادہ تر کلیکشنز صرف ریمپ تک کے لیے ہی تیار کی جاتی ہیں، لیکن امید ہے کہ یاسر وحید کی یہ کلیکشن جلد بازاروں میں بھی نظر آئے۔

فہد حسین

ڈیزائنر فہد حسین نے اپنی اس کلیکشن کو جتنا منفرد نام دیا، اتنی ہی یہ منفرد ثابت بھی ہوئی۔

اس کلیکشن کا نام ’ثریا ٹائٹینک‘ رکھا گیا تھا، جس کے ڈیزائنز باقی تمام ڈیزائنرز سے خاصے منفرد نظر آئے۔

فہد حسین کے بارے میں ہمیشہ ہی یہ کہا جاتا ہے کہ وہ سب سے منفرد اسٹائلز کے ساتھ سامنے آتے ہیں، لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ فہد صرف ملبوسات ہی نہیں بلکہ ریمپ پر چلنے والے ڈیزائنرز کو پہنائے زیور پر بھی خاصی محنت کرتے ہیں۔

ڈیزائنر نے اپنی کلیکشن کے پہلے حصے میں ڈجیٹل پرنٹس کے ساتھ بنے ملبوسات کو پیش کیا، جبکہ دوسرے حصے میں عروسی جوڑوں کی نمائش کی۔