'سندھ میں لسانیت کا بیج بونے والے آج کس منہ سے دوسروں پر الزام تراشی کررہے ہیں'

مرتضیٰ وہاب کے مطابق ایم کیوایم نے کراچی کے وسائل پر ہمیشہ سودے بازی کی — فوٹو: ڈان نیوز
مرتضیٰ وہاب کے مطابق ایم کیوایم نے کراچی کے وسائل پر ہمیشہ سودے بازی کی — فوٹو: ڈان نیوز

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پُرامن سندھ میں لسانیت کا بیج بونے والے آج کس منہ سے دوسروں پر الزام تراشی کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ 18ویں آئینی ترمیم میں صوبوں کو خودمختاری دینے کے بہانے سے اختیارات لے کر عوام کے وسائل چھین لیے گئے اور سندھ کے شہری علاقوں اور مہاجروں کو دیوار سے لگایا نہیں گیا بلکہ دیوار میں چن دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت 2 سندھ ہیں، ایک وہ جو 95 فیصد کما کر دیتا ہے جبکہ ایک وہ جو 95 فیصد خرچ کرتا ہے، ایک وہ سندھ ہے جس نے پہلے اپنے دیہی علاقوں کی حالت زار کا رونا رویا اور میرٹ کا قتل کرکے نوکریوں پر قابض ہوگیا۔

مزید پڑھیں: ’سندھ کے شہری علاقوں کے لوگوں کو دیوار میں چن دیا گیا‘

انہوں نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کے رویوں نے سندھ کو تقسیم کیا ہے، سندھ 2 حصوں میں تقیسم ہیں، اس کا اعلان ہونا باقی ہے، 18 ویں آئینی ترمیم یہ کہہ کر بنائی گئی تھی کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ضروری ہے لیکن اس پر ہمارے ساتھ ساتھ پوری قوم کو دھوکا دیا گیا، 18 ویں ترمیم میں اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کی بجائے صوبوں کے اندر اختیارات کو بڑھایا گیا ہے۔

جس پر رد عمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے ایک جاری بیان میں کہا کہ ایم کیو ایم کے ماضی اور حال سے عوام بہت اچھی طرح واقف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آمروں کے کاسہ لیسوں سے آئین شکنی ہی کی توقع کی جاسکتی ہے 18ویں آئینی ترمیم کے درپے لوگوں کے منہ سے آئینی باتیں مزاق سے زیادہ کچھ نہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے اور پیپلز پارٹی آئین و قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ اپنے لوگوں کو 'ڈسنا ایم کیوایم کی فطرت میں شامل ہے'، آپ نے کراچی کے وسائل پر ہمیشہ سودے بازی کی، 30 برس سے صوبے یا وفاق میں اقتدار کے مزے لے کر آپ نے صرف اپنا پیٹ بھرا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو کراچی اور شہری علاقوں کے عوام کی نہیں بلکہ اپنی ذات کی فکر ہے، 9 ماہ میں اقتدار کے مزے لینے کے علاوہ آپ نے کراچی کے عوام کے لیے کیا کیا؟ بلدیاتی اداروں میں حقدار کے بجائے گھوسٹ ملازمین کسی اور نے نہیں آپ نے بھرتی کیے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی، ایم کیو ایم میں روابط مضبوط کرنے کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ

علاوہ ازیں مشیر اطلاعات نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فردوس شمیم نقوی شاہ سے شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فردوس شمیم نقوی کی وفاقی حکومت نے 9 ماہ میں مہنگائی کے علاوہ قوم کو کچھ نہیں دیا، جس کی وجہ سے عوام کا بُرا حال ہوچکا ہے موصوف پیپلزپارٹی کی فکر چھوڑیں اپنی پارٹی کی گروپنگ ختم کرائیں۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ معیشت کی تباہی، قومی خزانے کی بربادی اور آئین شکنی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے کارنامے ہیں جبکہ اب لینڈ مافیا، قبضہ مافیا اور لوٹے پی ٹی آئی میں جمع ہوگئے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ بلاول بھٹو زرداری کہہ چکے ہیں کہ 18ویں ترمیم کو چھیڑا گیا تو دما دم مست قلندر ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں