امریکی وارنٹ پر وینزویلا کے خفیہ ادارے کے سابق چیف گرفتار

اپ ڈیٹ 14 اپريل 2019
ماہرین کے مطابق خفیہ ادارے کے سابق چیف کی اچانک گرفتاری وینزویلا میں اپوزیشن کو متاثر کرسکتی ہے — فائل فوٹو/ اے پی
ماہرین کے مطابق خفیہ ادارے کے سابق چیف کی اچانک گرفتاری وینزویلا میں اپوزیشن کو متاثر کرسکتی ہے — فائل فوٹو/ اے پی

میڈرڈ: وینزویلا کے خفیہ ادارے کے طویل عرصے تک سربراہ رہنے والے میجر جنرل (ر) ہوگو کارواجال کو امریکی وارنٹ پر ہسپانوی پولیس نے میڈرڈ سے گرفتار کرلیا۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق صدر نکولس مدورو کے مخالف کی حمایت بند کرنے کے کچھ ہفتوں بعد امریکا کی جانب سے ان کے خلاف وارنٹ جاری کیے گئے۔

خیال رہے کہ وینزویلا کے سابق چیف، جو ایک دہائی سے زائد سابق رہنما ہوگو چیز کے مشیر بھی رہے، کی گرفتاری پر امریکا کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے مسرت کا اظہار کیا، کیوں کہ 5 سال قبل وہ آروبا میں گرفتاری کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: وینزویلا: امداد روکنے پر اپوزیشن لیڈر کی فوج کو تنبیہ

کچھ ماہرین کا کہنا تھا کہ خفیہ ادارے کے سابق چیف کی اچانک گرفتاری وینزویلا میں اپوزیشن کو متاثر کرسکتی ہے۔

واضح رہے کہ سابق چیف کی جانب سے وینزویلا کی سوشلسٹ حکومت پر تنقید کو اپوزیشن میں سراہا جارہا تھا، لیکن ان سب کے باوجود ملک کی افواج موجودہ صدر کی حامی ہیں۔

نیویارک میں موجود پراسیکیوٹرز نے میجر جنرل (ر) ہوگو کارواجال پر الزام لگایا ہے کہ ان کے دور میں 5 ہزار 6 سو کلو گرام کوکین وینزویلا سے میکسکو اسمگل کی گئی اور وہ اس غیر قانونی کام میں ملوث رہے ہیں۔

اسپین کی قومی عدالت کی خاتون ترجمان نے نام طاہر نہ کرنے کی درخواست پر میڈیا کو بتایا کہ سابق چیف کو میڈرڈ میں جج کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یا تو سابق چیف امریکا کو معاوضہ دینے کے لیے تیار ہوجائیں گے یا عدالت میں اپنے موقف کا دفاع کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وینزویلا: صدر کا انٹرویو کرنے والی امریکی نشریاتی ادارے کی ٹیم گرفتار

یاد رہے کہ وینزویلا کے سابق چیف نے گزشتہ صدی میں 80 کی دہائی کے دوران ہوگو چیز سے دوستی کے بعد تیزی سے ترقی حاصل کی اور وہ امریکا کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے بھی اجنبی نہیں ہیں۔

اس سے قبل انہیں وینزویلا کے دیگر سیکڑوں فوجی حکام کے ساتھ نامزد کیا گیا تھا، جو ہمسایہ ریاست کولمبیا میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث تھے۔


یہ رپورٹ 14 اپریل 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں