مسلمانوں کو درپیش مسائل کا سبب دین سے دوری ہے، امام کعبہ

اپ ڈیٹ 15 اپريل 2019
امام کعبہ نے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا اور چیئرمین اور اسپیکر اسمبلی سے ملاقات کی — فوٹو: قومی اسمبلی
امام کعبہ نے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا اور چیئرمین اور اسپیکر اسمبلی سے ملاقات کی — فوٹو: قومی اسمبلی

اسلام آباد: پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امام کعبہ عبداللہ عود الجہنی نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو درپیش مسائل کا سبب دین سے دوری اور آپس میں نا اتفاقی ہے، اسلامی تعلیمات پر عمل کرکے دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

امام کعبہ عبداللہ عود الجہنی نے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا، جہاں صادق سنجرانی نے ان کا استقبال کیا، بعد ازاں انہوں نے چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے الگ الگ ملاقات کی۔

اس موقع پر امام کعبہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔

عبداللہ عود الجہنی نے کہا کہ مسلمانوں کو درپیش دہشتگردی اور دیگر مسائل کا سبب دین سے دوری اور آپس میں نا اتفاقی ہے، اسوہ حسنہ اور اسلامی تعلیمات پر عمل کر کے ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پیغام اسلام کانفرنس: ایمانداری کی شروعات اعلیٰ قیادت سے ہوتی ہے، صدر مملکت

امام کعبہ نے مزید کہا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے مسلم ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے سعودی عرب ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

ملاقات کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا دکھ درد اور منزل ایک ہے، دونوں ممالک کے تعلقات امن، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہیں۔

امام کعبہ نے وفد کے ہمراہ قومی اسمبلی کے اسپیکر و دیگر سے ملاقات بھی کیں — فوٹو: قومی اسمبلی
امام کعبہ نے وفد کے ہمراہ قومی اسمبلی کے اسپیکر و دیگر سے ملاقات بھی کیں — فوٹو: قومی اسمبلی

قبل ازیں امام کعبہ کی چیئرمین سینیٹ سے ہونے والی ملاقات میں قائد ایوان شبلی فراز، اعظم سواتی، مولا بخش چانڈیو اور اپوزیشن لیڈر راجا ظفر الحق بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک تاریخی، ثقافتی، مذہبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خطے اور بین الاقوامی امور پر ایک جیسا نقطہ نظر دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دیتا ہے اور ہم مشکل وقت میں ساتھ دینے پر سعودی عرب کے شکر گزار ہیں۔

صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے حالیہ دورے نے باہمی تعاون کا ایک نیا باب کھول دیا ہے اور ان کے آنے پر 2 ہزار سے زائد قیدیوں کی رہائی پر شکر گزار ہیں جبکہ حجاج کرام کے کوٹے میں اضافہ بھی خوش آئند ہے۔

اپنی گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ سعودی سرمایہ کاری سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا، تاہم دونوں ممالک کے مابین تجارتی عدم توازن کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امام کعبہ پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

امام کعبہ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عبداللہ عود الجہنی کا دورہ انتہائی اہم ہے، پیغام اسلام کانفرنس نے دنیا کو امن کا پیغام دیا، اسلام امن، اخوت، برداشت کی تعلیم دیتا ہے، دہشت گردی کو اسلام سے منسوب کرنا ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔

دوسری جانب امام کعبہ عبداللہ عود الجہنی کی پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بھی ملاقات ہوئی اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اسپیکر اسمبلی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کا بے لوث دوست ہے اور یہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے اور ہماری مدد کی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے امام کعبہ کو سوینئر بھی پیش کیا—فوٹو: قومی اسمبلی
اسپیکر قومی اسمبلی نے امام کعبہ کو سوینئر بھی پیش کیا—فوٹو: قومی اسمبلی

انہوں نےکہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ عقیدہ، ثقافت، تاریخ اور ورثے کے امین ہیں، پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ گہری وابستگی رکھتے ہیں۔

ملاقات کے دوران اسد قیصر نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی حکومتوں تک محدود نہیں بلکہ یہ دوستی دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں رچی بسی ہوئی ہے، پاکستان کی پارلیمان دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پر عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو بے شمار مسائل درپیش ہیں، جن سے نمٹنےکے لیے ہمیں آپس کے اختلافات کو پس پشت ڈالنا ہوگا کیونکہ مسلم ممالک کے مابین اتحاد اور قریبی رابطے وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان تمام مسلمانوں کا محور ہے، امام کعبہ

قومی اسمبلی کے اسپیکر کا مزید کہنا تھا کہ اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں۔

امام کعبہ کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام بھی کیا گیا—فوٹو: قومی اسمبلی
امام کعبہ کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام بھی کیا گیا—فوٹو: قومی اسمبلی

علاوہ ازیں امام کعبہ نے اسپیکر ہاؤس کا دورہ بھی کیا، جہاں اسد قیصر سمیت وفاقی وزرا نے ان کا استقبال کیا اور ملاقاتیں کی۔

اس دوران امام وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر صحت عامر کیانی، وزیر مواصلات مراد سعید، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور علی محمد خان موجود تھے۔

اسپیکر ہاؤس آنے والے امام کعبہ کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جبکہ عبداللہ عود الجہنی نے نماز ظہر کی امامت بھی کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں