یو اے ای میں آتشزدگی سے جاں بحق 6 پاکستانیوں کی لاشیں پاکستان منتقل

اپ ڈیٹ 16 اپريل 2019
العین میں آتشزدگی کا شکار ہونے والے  گھر کا منظر
العین میں آتشزدگی کا شکار ہونے والے گھر کا منظر

متحدہ عرب امارات کے شہر العین میں ایک گھر میں آگ لگنے کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے 6 پاکستانیوں کی لاشیں اسلام آباد پہنچادی گئیں۔

ابو ظہبی میں قائم پاکستانی سفارتخانے سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق العین میں جمعے کی صبح آتشزدگی سے جاں بحق ہونے والے 6 پاکستانیوں کی لاشوں کو پی آئی اے کے طیارے میں وطن واپس بھیج دیا گیا۔

واضح رہے کہ العین کے علاقے زخیر میں جمعے کی صبح ایک گھر میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: بھارتی خاتون نے پاکستانی نوجوان سے اسلام قبول کرکے شادی کرلی

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عمر فاروق، ان کے بڑے بھائی خرم، ان کے والد فاروق، رشتے دار علی حیدر، اور 2 دوست خیال افدال اور عید نواز کے نام سے ہوئی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی لاشیں آج 10 بجکر 40 منٹ پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچیں جس کے بعد انہیں اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کی مفت ایمبولینس سروس کے ذریعے ان کے آبائی علاقوں میں لے جایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتیہ جنتا پارٹی نے پاکستانی نغمہ چرالیا

3 لاشوں کو کوہاٹ، ایک کو ہنگو، ایک کو پشاور اور ایک کو درہ آدم خیل منتقل کیا گیا۔

متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں نے ان افراد کی نماز جنازہ گزشتہ روز ادا کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں