'شریف خاندان، آصف زرداری کے پاس پلی بار گین کا آپشن موجود ہے'

15 اپريل 2019
وفاقی وزیراطلاعات نے مشورہ دیا کہ مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی کے رہنماوں کومعیشت پر بات نہیں کرنی چاہیے—فوٹو:ڈان نیوز
وفاقی وزیراطلاعات نے مشورہ دیا کہ مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی کے رہنماوں کومعیشت پر بات نہیں کرنی چاہیے—فوٹو:ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شریف خاندان اور آصف زرداری کے پاس پلی بارگین کا موقع ہے جس سے وہ جان چھڑا سکتے ہیں اور ملک میں پیسہ بھی آئے گا۔

ڈان نیوز کے پروگرام نیوز وائز میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ہم دنیا کے جس کونے میں بھی گئے وہاں عوام نے ہم سے ایک ہی سوال کیا کہ ملک میں پیسہ کس طرح واپس آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں یہ سمجھتا ہوں کہ شریف خاندان اور زرداری خاندان کے پاس بہتر موقع ہے کہ وہ پلی بار گین کے ذریعے اپنی جان چھڑائیں اور اس طریقے سے عوام کا پیسہ بھی ملک میں واپس آسکتا ہے'۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ اسد عمر نے آج بتایا کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) سے معاملات آخری مراحل میں ہیں اور ان کا ٹیکنیکل وفد اگلے مہینے کے آغاز میں پاکستان آرہا ہے۔

معیشت کے حوالے سے حکومت پر تنقید پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کہ حکومت پر وہ افراد تنقید کرتے ہیں جنہیں معیشت اور انٹرنیشنل مانیٹری کا زیادہ علم نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بیل آؤٹ پیکج پر جاری مذاکرات کے باعث آئی ایم ایف مشن کے دورے میں تاخیر کا امکان

فواد چوہدری کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے معاہدے کے لیے پہلے جن شرائط کو سامنے رکھا جا رہا تھا ان کے برعکس اب سامنے رکھی جانے والی شرائط کافی حد تک مناسب ہیں جن سے عام آدمی اور خصوصاً غریب آدمی کو اتنا نقصان نہیں ہو گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسحاق ڈار، مفتاح اسمٰعیل، مصدق ملک یا پاکستان پیپلز پارٹی کے لوگوں کو چاہیے کہ وہ 15 سے 20 سال ٹی وی پر معیشت کی بات نہ کریں کیونکہ انہوں نے معیشت کا برا حشر کر دیا ہے۔

قبل ازیں اس ضمن میں وفاقی وزیر کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وزیر خزانہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کر کے آ رہے ہیں اور آئندہ 2 روز میں معیشت کے حوالے سے بڑی خبریں آنے والی ہیں۔

مزید پڑھیے: وزرا کے قلمدان میں تبدیلی کی خبروں میں صداقت نہیں، وزیر اطلاعات

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ '1992 اور 1993 میں شہباز شریف اور نواز شریف نے حدیبیہ کے ریفرنس میں کرپشن کے نئے طریقے ایجاد کیے تھے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'پاکستان کے عوام لوٹی ہوئی دولت واپس پاکستان میں دیکھنا چاہتے ہیں اس لیے جیل سے بچنے کے لیے شریف خاندان اور آصف زرداری کے پاس پلی بار گین کا آپشن موجود ہے۔'

فواد چوہدری کے مطابق عمران خان میڈیا کے معاملے میں حساس ہیں ان کی کوشش رہتی ہے کہ میڈیا پر حکومت کا تاثر اچھا رہے۔

وزرا کی تبدیلی کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ 'میرے خیا ل میں اب تک وزیر اعظم عمران خان کسی وزیر کی تبدیلی کا نہیں سوچ رہے'۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان خبروں کی تردید کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ حکومتی وزرا کے قلم دان تبدیل کیے جانے کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں، وزرا کی تبدیلی وزیر اعظم کا صوابدیدی اختیار ہے اور میڈیا اس ضمن میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Apr 15, 2019 11:34pm
شریف خاندان کو پیسے سمیت پاکستان بلالو اور ان کو پاکستان میں کاروبار کرنے کے لیے راضی کرلو ، ان کو پاکستان اسٹیل مل بھی دے دو اور پھر عام معافی بھی دے دو۔