واٹس ایپ اب تک کے بہترین فیچر متعارف کرانے کو تیار

16 اپريل 2019
نئے فیچرز کو آئندہ سال سے قبل متعارف کرائے جانے کا امکان ہے—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے
نئے فیچرز کو آئندہ سال سے قبل متعارف کرائے جانے کا امکان ہے—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے

دنیا کی سب سے سے مقبول میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ اگرچہ گزشتہ کچھ عرصے سے مسلسل نئے فیچر متعارف کرانے میں مصروف ہے۔

تاہم اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ واٹس ایپ جلد ہی ایسے چند فیچر متعارف کرانے جا رہا ہے جنہیں اب تک اس ایپ کے بہترین فیچرز بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

2 برس قبل یہ افواہ پھیلی تھی کہ واٹس ایپ نے ایک ایسا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے تحت اگر کوئی صارف کسی بھی چیٹنگ کا اسکرین شارٹ لے گا تو اس کا علم پیغام بھیجنے والے شخص کو ہوجائے گا۔

یعنی واٹس ایپ پر اگر کوئی کسی دوست کے پیغامات یا تصویر وغیرہ کا اسکرین شاٹ لے گا واٹس ایپ اس کی اطلاع دوسرے صارف کو دی گا، تاہم 2 سال قبل یہ صرف افواہ تھی، جس سے کئی لوگ پریشان بھی ہوگئے تھے۔

لیکن اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ واٹس ایپ یہی فیچر جلد ہی متعارف کرانے جا رہا ہے، تاہم اب اس فیچر کو اچھی تبدیلیوں کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا۔

اطلاعات ہیں کہ واٹس ایپ ایک ایسا فیچر متعارف کرانے جا رہا ہے جس کے ذریعے کوئی بھی صارف کسی بھی پیغام، تصویر اور ویڈیو کا اسکرین شاٹ نہیں لے سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ اسکرین شاٹ کی افواہ سے کروڑوں افراد پریشان

جی ہاں، اطلاعات ہیں کہ واٹس ایپ نے اس فیچر کو متعارف کرانے کے لیے کام شروع کردیا اور ابتدائی طور پر اس فیچر تک محدود صارفین کو رسائی دی جائے گی۔

اس فیچر کے تحت جب بھی کوئی شخص اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو استعمال کرتے وقت فنگر پرنٹ سینسر کے ذریعے استعمال کرے گا تو کوئی بھی دوسرا شخص اس کے پیغامات، تصاویر اور ویڈیوز کا اسکرین شاٹ نہیں لے سکے گا۔

یعنی اسکرین شاٹ کے پابندی والے فیچر کو واٹس ایپ فنگر پرنٹ سینسر سیکیورٹی فیچر کے ساتھ منسلک کرے گا جس کے تحت کوئی بھی شخص کسی دوسرے کے پیغامات یا دیگر مواد کا اسکرین شاٹ نہیں لے سکے گا۔

اس فیچر کو متعارف کرانے کے ساتھ ہی واٹس ایپ فنگر پرنٹ سینسر کا فیچر بھی متعارف کرا رہا ہے، جس کا مقصد صارفین کے اکاؤنٹ کو محفوظ سے محفوظ بنانا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی واٹس ایپ اکاؤنٹ محفوظ بنانے کے لیے یہ احتیاط اپنالیں

اس فیچر کے تحت صارفین کے واٹس ایپ اکاؤنٹ تک کوئی بھی شخص اس وقت تک رسائی حاصل نہیں کر سکے گا جب تک اکاؤنٹ ہولڈر فنگر پرنٹ کے ذریعے لاک نہیں کھولے گا۔

اب تک کسی کے بھی واٹس ایپ اکاؤنٹ تک رسائی کرنا مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں، لیکن اس فیچر کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ کسی بھی غیر شخص کا کسی کے واٹس ایپ اکاؤنٹ تک رسائی کرنا تقریبا ناممکن بن جائے گا۔

عام طور پر کسی بھی شخص کے موبائل تک رسائی کے بعد اس کے واٹس ایپ اکاؤنٹ تک بھی رسائی ممکن ہوجاتی ہے، تاہم اس فیچر کے بعد صارف کو یہ سہولت بھی میسر ہوگی کہ وہ اپنے اکاؤنٹ کو فنگر پرنٹ کے ذریعے لاک کردے۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ واٹس ایپ میں یہ فیچرز کب تک متعارف کرائے جائیں گے، تاہم اطلاعات ہیں کہ جلد ہی کمپنی ان فیچرز تک امریکا اور یورپ کے کچھ صارفین کو رسائی دے گی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ سال کے آغاز سے قبل یہ نئے فیچرز واٹس ایپ کا حصہ ہوں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں