اسلام آباد: کینیڈین ماڈل کو ہراساں کرنے پر 2 افراد کے خلاف مقدمہ درج

اپ ڈیٹ 17 اپريل 2019
کینیڈین خاتون کی جانب سے واقعے سے متعلق ویڈیو بھی جاری کی گئی—فوٹو: انسٹاگرام
کینیڈین خاتون کی جانب سے واقعے سے متعلق ویڈیو بھی جاری کی گئی—فوٹو: انسٹاگرام

اسلام آباد میں کینیڈا کی ماڈل اور انسانی حقوق کی کارکن کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے پر 2 مشتبہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

سہالہ پولیس اسٹیشن میں لاہور سے تعلق رکھنے والی اسما گلوٹہ کی جانب سے درج کروائی گئی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ میں مبینہ طور پر ہراساں کی گئی کینیڈن خاتون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ جب وہ بحریہ ٹاؤن فیز 7 میں تھی تو گاڑی میں سوار دو افراد نے 'انہیں ہراساں کرنا شروع کیا اور انہیں گاڑی میں آنے کا کہا گیا'۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: طالبات کو ہراساں کرنے کے جرم میں پروفیسر برطرف

تاہم 'جب ان افراد کو کہا گیا کہ مجھے اکیلا چھوڑ دو تو وہ ہنسنا شروع ہوگئے اور مجھے اوبر سے نکلنے سے روکا اور اس کے بعد میری اوبر گاڑی کا بحریہ ٹاؤن سے اسلام آباد تک پیچھا کیا جبکہ ڈرائیور کو بلاک کرنے کی کوشش کرتے رہے اور وہ میری منزل کے بارے میں ڈرائیور سے پوچھتے رہے'۔

ایف آئی آر درج کروانے والی خاتون نے متاثرہ خاتون کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ چونکہ وہ لڑکے ان کا پیچھا کر رہے تھے تو انہوں نے اپنی منزل کی جگہ کو تبدیل کیا اور قریبی ایک مال میں اس وقت تک چھپ گئی جب تک انہیں یہ لگا کہ وہ چلے گئے، بعد ازاں 'وہ اپنی ایئربی این بی(ادارہ میں چلی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ثبوت کے لیے گاڑی کی معلومات اور ویڈیو موجود ہے۔

پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں پاکستان پینل کوڈ کی 342، 511، 354 اور 506 کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

دوسری جانب کینیڈین خاتون کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی، جس میں انہوں نے واقعے کی روداد بیان کی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کلب کے عہدیدار کو خاتون کو ہراساں کرنے پر جرمانہ

اس واقعے کے حوالے سے وزیر مملکت برائے داخلہ نے بتایا تھا کہ سٹیزن پورٹل کے ذریعے کینیڈن خاتون کی شکایت موصول ہوئی، جس پر ایکشن لیا گیا۔

ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد کی جانب سے بھی واقعے کا نوٹس لیا گیا اور ملزمان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں