وزیراعظم عمران خان 25 اپریل کو 4روزہ دورے پر چین جائیں گے

اپ ڈیٹ 18 اپريل 2019
عمران خان نے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد گزشتہ سال نومبر میں پہلی مرتبہ چین کا دورہ کیا تھا—تصویر بشکریہ ٹوئٹر
عمران خان نے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد گزشتہ سال نومبر میں پہلی مرتبہ چین کا دورہ کیا تھا—تصویر بشکریہ ٹوئٹر

وزیراعظم پاکستان عمران خان چین کے صدر زی جنگ پنگ کی دعوت پر 25 اپریل سے 28 اپریل تک چین کا دورہ کریں گے جہاں وہ بیجنگ میں ہونے والے بیلٹ اینڈ روڈ کے دوسرے فورم میں شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ دورے کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ وزرا کا وفد بھی موجود ہوگا اور وہ فورم کی افتتاحی تقریب میں اہم تقریر کریں گے جبکہ سربراہان کے گول میز اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق بیلٹ اینڈ روڈ فورم، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو میں حصہ لینے والے ممالک کو خطے کے تعلقات، پالیسی مطابقت، سماجی اقتصادی ترقی اور تجارت کے حوالے سے اپنے تجربات اور نظریات کا تبادلہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ چین سے قبل وزیر اعظم کا سی پیک منصوبوں کا جائزہ

اس فورم میں 40 ممالک کے سربراہان اور 100 سے زائد ممالک، بین الاقوامی تنظیموں اور کارپوریٹ سیکٹرز کے وفود شرکت کریں گے۔

دورہ چین کے دوران وزیراعظم عمران خان متعدد ریاست/ حکومتوں اور کارپوریٹ، بزنس سربراہان کے ساتھ ملاقات کریں گے۔

بیان کے مطابق بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کے ساتھ ساتھ وزیراعظم عمران خان چین کے صدر زی جنگ پنگ اور وزیراعظم لی کیگیانگ کے ساتھ باہمی ملاقات بھی کریں گے۔

اس کے علاوہ چین اور پاکستان کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مختلف شعبہ جات میں مفاہمت کی کئی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: ’وزیرِاعظم عمران خان کا دورہ چین، پاکستان کے لیے مثبت رہا‘

اس تقریب کے بعد وزیراعظم بیجنگ میں باغبانی کے حوالے سے ایک نمائش میں بھی شرکت کریں اور بیجنگ میں پاکستانی تجارت اور سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

خیال رہے کہ وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہونے کے بعد یہ عمران خان کا دوسرا دورہ ہوگا، اس سے قبل وہ گزشتہ برس نومبر میں چین کے سرکاری دورے پر گئے تھے۔

مذکورہ دورے کے بعد مختلف قیاس آرائیوں نے جنم لیا تھا جس کو رد کرتے ہوئے پاکستان میں چین کے سفیر نے کہا تھا کہ اس دورے کے نتائج اسلام آباد کے لیے مثبت ہوں گے۔

چینی سفارتکار کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم پاکستان کے دورہ چین سے دونوں ممالک کے درمیان آئندہ 5 سال کی سمت کا تعین ہوا۔

قبل ازیں 12 اپریل کو ایک خصوصی اجلاس میں وزیرِ اعظم کے آئندہ دورہ چین کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ چین توقعات سے زیادہ کامیاب رہا، وزیراعظم عمران خان

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا تھا کہ سی پیک منصوبہ نہ صرف حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے بلکہ ہم اس منصوبے کا دائرہ کار مزید وسیع کرنا چاہتے ہیں تاکہ دیگر ممالک بھی اس اہم منصوبے کا حصہ بنیں اور خطے میں تعمیر و ترقی کا نیا باب روشن ہو۔

تبصرے (0) بند ہیں