اوپو کے نئے فلیگ شپ فونز پاکستان میں پیش

17 اپريل 2019
ایف 11 پرو — فوٹو بشکریہ اوپو
ایف 11 پرو — فوٹو بشکریہ اوپو

اوپو نے اپنی فلیگ شپ ایف سیریز کے 2 نئے فونز ایف 11 اور ایف 11 پرو پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کردیئے ہیں۔

ڈیزائن کے لحاظ سے دونوں فونز ایک جیسے ہیں، بس ایف 11 میں واٹر ڈراپ نوچ میں سیلفی کیمرا دیا گیا ہے جبکہ ایف 11 پرو میں پوپ اپ میکنزم سیلفی کیمرے کے لیے استعمال کیا گیا ہے اور اسے بیزل لیس فون بنایا گیا ہے۔

دونوں فونز میں 6.53 انچ آئی پی ایس ایل سی ڈی ڈسپلے دیا گیا اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ انرجی بچانے میں مدد دیتا ہے۔

دونوں فونز میں میڈیا ٹیک ہیلیو پی 70 پراسیسر موجود ہے جبکہ ایف 11 میں 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج جبکہ ایف 11 پرو میں 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے، تاہم ایس ڈی کارڈ سپورٹ موجود نہیں۔

دونوں فونز میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جس کے ساتھ فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ فونز 80 منٹ میں مکمل چارج ہوجاتے ہیں، حالانکہ اس میں یو ایس بی ٹائپ سی کی بجائے مائیکرو یو ایس بی پورٹ دی گئی ہے۔

اینڈرائیڈ پائی آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے کلر 6.0 آپریٹنگ سسٹم سے کیا ہے۔

دونوں فونز میں 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے، جبکہ بیک پر 48 اور 5 میگا پکسل کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے۔

کمپنی کے مطابق 48 میگا پکسل زبردست شارپ نس اور لو نوائز کے ساتھ بہتر تصاویر فراہم کرتا ہے جبکہ الٹرا نائٹ موڈ رات کو بھی اچھی فوٹوز لینے میں مدد دیتا ہے۔

یہ کیمرے اے آئی فیچرز سے بھی لیس ہیں جو کہ مختلف اشیا کی شناخت کرنے کے ساتھ فوٹو کلر بہتر کرتے ہیں۔

اوپو ایف 11 کی قیمت 39 ہزار 999 روپے جبکہ ایف 11 پرو کی قیمت 54 ہزار999 روپے رکھی گئی ہے۔

ایف 11 صارفین کے لیے 27 اپریل جبکہ ایف 11 پرو 20 اپریل سے دستیاب ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں