پشاور: حیات آباد آپریشن میں ہلاک 4 دہشتگردوں کی شناخت

18 اپريل 2019
پولیس کو ایک مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی — فوٹو: عارف حیات
پولیس کو ایک مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی — فوٹو: عارف حیات

پشاور کے علاقے حیات آباد میں سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے میں ملوث 4 دہشت گردوں کی شناخت کرلی گئی۔

15 اپریل کی شب حیات آباد کے علاقے میں ایک مکان میں چھپے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ اس دوران ایک پولیس اہلکار بھی شہید ہوگیا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سینئر پولیس عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ تفتیش کار 4 حملہ آوروں کی شناخت کرنے میں کامیاب ہوگئے جن میں سے 3 کا تعلق خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع سے ہے جبکہ ان میں سے ایک افغان شہری تھا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کا محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) حادثے کی تحقیقات کررہا ہے۔

کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے بذریعہ ای میل دعویٰ کیا تھا کہ ان کے 6 کارکن، سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مقابلے میں ملوث تھے۔

مزید پڑھیں: پشاور: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل، 5 دہشت گرد ہلاک

پولیس نے خفیہ آپریشن کے تحت پشاور کے علاقے حیات آباد کے ای سیکٹر فیز 7 میں واقع گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس کے بعد 15 اپریل کو شام ساڑھے 7 پر فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا تھا۔

دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر شہید اور ابتدائی طور پر ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا تھا جبک مقابلہ 16 اپریل تک جاری رہی تھی۔

آپریشن میں پولیس ،فوج کے اسپیشل سروسز گروپ اور 102 بریگیڈ نے حصہ لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا: سرچ آپریشن کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک

مزید برآں پولیس کے ایک وفد نے حیات آباد کا دورہ کیا اور آپریشن کے دوران صبر اور تعاون کرنے پر علاقہ مکینوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔

پولیس کی جانب سے جاری کیے بیان کے مطابق وفد نے سٹی پولیس چیف کی جانب سے لکھا گیا خط علاقہ مکینوں کو دیا تھا جس میں 17 گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے میں ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا گیا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ ’ علاقہ مکینوں نے وفد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پولیس کے حق میں نعرے لگائے ‘۔

تبصرے (0) بند ہیں