’بعد از موت‘ کی زندگی پربیان دینے والی بنگلہ دیشی اداکارہ پر ملحد ہونے کا الزام

18 اپريل 2019
اداکارہ نے شدید تنقید کے بعد معافی مانگ لی—فائل فوٹو: بنگلہ  بائیوگرافی
اداکارہ نے شدید تنقید کے بعد معافی مانگ لی—فائل فوٹو: بنگلہ بائیوگرافی

بنگلہ دیش کی نامور ٹی وی اداکارہ اور ماڈل 24 سالہ صفا کبیر نے اپنے ملحد ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مسلمان ہیں۔

اداکارہ نے یہ وضاحت لوگوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنائے جانے اور خود کو ’ملحد‘ کہے جانے کے بعد کی ہے۔

صفا کبیر کو لوگوں نے اس وقت ’ملحد‘ قرار دینا شروع کیا جب کہ گزشتہ ہفتے انہوں نے ایک ریڈیو پروگرام میں بعد از موت کی زندگی پر بات کی۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق صفا کبیر نے ایک ریڈیو پروگرام کے دوران اپنی پیشہ ورانہ زندگی سمیت دیگر معاملات پر بھی بات کی۔

ماڈل و اداکارہ نے بعد از موت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’در اصل وہ مرنے کے بعد دوبارہ زندگی پر یقین نہیں رکھتیں‘۔

بعد از موت کی زندگی پر یقین نہیں، ادکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
بعد از موت کی زندگی پر یقین نہیں، ادکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

24 سالہ اداکارہ نے وضاحت کی تھی کہ دراصل وہ ہر اس بات پر یقین نہیں کرتیں جو انہوں نے دیکھی نہیں ہوتی، اس لیے وہ بعد از موت کی زندگی پر یقین نہیں رکھتیں۔

صفا کبیر کا یہ بیان دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور لوگوں نے اداکارہ کو ’ملحد‘ قرار دینا شروع کیا اور کہا کہ اداکارہ قیامت سے ہی انکار کر رہی ہیں۔

اداکارہ نے بیان کے بعد معذرت کرلی—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے بیان کے بعد معذرت کرلی—اسکرین شاٹ

لوگوں نے اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا کہ صفا کبیر نے نہ صرف قیامت کا انکار کیا بلکہ وہ ’جہنم اور جنت‘ پر بھی یقین نہیں رکھتیں۔

بعض لوگوں نے انہیں کافر بھی قرار دیا، جس کے بعد اداکارہ نے لوگوں سے اپنے بیان پر معافی مانگ لی۔

صفا کبیر نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے لوگوں سے معزرت کی اور کہا کہ اگر ان کی بات سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ معافی کی طلب گار ہیں۔

لوگوں کی دل آزاری پر معذرت خواہ ہوں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
لوگوں کی دل آزاری پر معذرت خواہ ہوں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں اسلام سے متعلق بھی باتیں لکھیں اور لکھا کہ خدا رحم کرنے والا ہے اور انہیں بھی یقین ہے کہ خدا انہیں ان کی غلطیوں اور گناہوں پر معاف کردے گا۔

صفا کبیر کی اس پوسٹ پر بھی درجنوں افراد نے کمنٹس کیے اور متعدد افراد نے ان کی جانب سے کی گئی معذرت کی تعریف کی۔

صفا کبیر ٹی وی کے متعدد ڈراموں میں جلوہ گر ہوچکی ہیں، علاوہ ازیں وہ کچھ گانوں میں بھی ماڈلنگ کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

صفا کبیر سوشل میڈیا پر متحرک رہتی ہیں اور آئے دن اپنی تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں۔

اداکارہ سوشل میڈیا پر متحرک رہتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ سوشل میڈیا پر متحرک رہتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں