سام سنگ کے 3 بیک کیمروں والے 'سستے' اسمارٹ فونز متعارف

18 اپريل 2019
گلیکسی اے 40 اور اے 60 — فوٹو بشکریہ سام سنگ
گلیکسی اے 40 اور اے 60 — فوٹو بشکریہ سام سنگ

سام سنگ نے حال ہی میں گلیکسی اے سیریز کے متعدد فون متعارف کرائے ہیں اور اب مزید 2 نئی ڈیوائسز کو پیش کردیا گیا ہے۔

سام سنگ کی جانب سے جے سیریز کو ختم کرنے کے اعلان کے بعد ہر ہفتے ہی اے سیریز کے فونز متعارف ہورہے ہیں۔

اب جنوبی کورین کمپنی نے چین میں گلیکسی اے 40 اور گلیکسی اے 60 متعارف کرائے ہیں جو 3 بیک کیمروں اور چند متاثرکن فیچرز سے لیس سستے مڈرینج فونز ہیں۔

گلیکسی اے 40 میں 6.4 انچ سپر امولیڈ انفٹنی یو ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ اے 60 میں 6.3 انچ امولیڈ انفٹنی او یا پنچ ہول ڈسپلے دیا گیا ہے۔

اے 40 میں کمپنی کا اپنا ایکسینوس 7904 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ 6 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج موجود ہے۔

اس کے مقابلے میں اے 60 میں اسنیپ ڈراگون 675 پراسیسر، 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے اور دونوں فونز میں ایس ڈی کارڈ سے اسٹوریج میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

اے 40 میں متاثرکن 5000 ایم اے ایچ جبکہ اے 60 میں 3500 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جس کے ساتھ 15 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے۔

کمپنی کے مطابق اے 40 اپنی طاقتور بیٹری کی وجہ سے ایک چارج پر کئی دن تک کام کرسکتا ہے۔

دونوں فونز میں بیک پر فنگرپرنٹ اسکینر دیا گیا ہے جبکہ اینڈرائیڈ پائی آپریٹنگ سسٹم موجود ہے۔

جہاں تک کیمروں کی بات ہے تو گلیکسی اے 40 میں فرنٹ پر 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا موجود ہے جبکہ بیک پر 13 میگا پکسل مین سنسر، 5 میگا پکسل الٹرا وائیڈ سنسر اور 5 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر دیا گیا ہے۔

گلیکسی اے 60 میں 32 میگاپکسل کا طاقتور کیمرا فرنٹ پر موجود ہے جبکہ اس کے بیک پر 32، 8 اور 5 میگا پکسل کیمروں کا سیٹ اپ دیا گیا ہے۔

گلیکسی اے 40 کی قیمت 225 ڈالرز (31 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ اے 60 کی قیمت 300 ڈالرز (42 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں