طیارے کے انجن میں سکے پھینکنے پر خاتون گرفتار

18 اپريل 2019
تیان جن ائیرلائنز کا ایک طیارہ — فوٹو بشکریہ انڈیپینڈنٹ
تیان جن ائیرلائنز کا ایک طیارہ — فوٹو بشکریہ انڈیپینڈنٹ

کیا آپ کے خیال میں طیارے پر سفر کرتے ہوئے انجن میں سکے پھینکنا خوش قسمت بناسکتا ہے؟

کم از کم چین میں کچھ لوگ ایسا مانتے ہیں اور دیگر مسافروں کو جان لیوا خطرے کا نشانہ بنادیتے ہیں۔

ایسا ہی واقعہ چین کی خودمختار ریاست منگولیا کے شہر چیفینگ میں پیش آیا جہاں ایک 66 سالہ خاتون نے تیان جن ائیرلائنز کی ایک پرواز کے دوران طیارے کے انجن میں سکے پھینکے۔

یہ خاتون جس کا نام یانگ بتایا گیا ہے، نے 6 سکے طیارے کے انجن کی جانب اس دعا کے ساتھ اچھالے کہ پرواز محفوظ رہے۔

مگر یہ حرکت فضائی عملے نے دیکھ لی اور انہوں نے سیکیورٹی کو الرٹ کردیا جس کے بعد خاتون کو حراست میں لے لیا گیا۔

خاتون کےسکے اچھالنے پر مسافروں کو بھی طیارے سے اتار دیا گیا اور کئی گھنٹوں کے انتظار کے بعد متبادل پرواز سے منزل کی جانب روانہ کیا گیا۔

تیان جن ائیرلائنز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عملے نے کافی کوشش کے بعد 6 سکوں کو ڈھونڈا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ انجن میں کوئی سکہ موجود نہ ہو۔

اس خاتون مسافر کو فضائی کمپنی کی جانب سے سیکیورٹی خطرے میں ڈالنے پر مزید سزا دلانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

یہ چین میں پہلا موقع نہیں جب کسی مسافر نے اس قسم کی ھرکت کی ہو۔

فوٹو بشکریہ سی سی ٹی وی/ ویبو
فوٹو بشکریہ سی سی ٹی وی/ ویبو

رواں سال مارچ میں 2 خواتین کو لکی ائیر کی ایک پرواز کے دوران سکے پھینکنے پر حراست میں لیا گیا تھا جو وہ خوش قسمتی کے لیے انجن میں پھینک رہی تھیں۔

دوسری جانب رواں سال فروری میں لکی ائیر کی ہی ایک پرواز کے اڑان بھرنے سے پہلے ایک مسافر نے طیارے کے بائیں انجن کی جانب کئی سکے اچھالے جس پر پرواز کو منسوخ کردیا گیا اور ایک دن تک انجن کی مکمل چیکنگ کے بعد اسے روانہ کیا گیا۔

28 سالہ مسافر کا کہنا تھا کہ اس نے انجن میں سکے پھینکنے کی کوشش اس لیے کی تاکہ اس کی زندگی میں خوش قسمتی آسکے۔

واقعے کے بعد اسے حراست میں لے لیا گیا اور 7 دن کے لیے قید کردیا گیا جبکہ اب اسے کمپنی کی جانب سے ہرجانے کے مقدمے کا بھی سامنا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں