بدین: تیز رفتار بس الٹنے سے 8 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 19 اپريل 2019
زخمی ہونے والے افراد کو بدین میں قائم  انڈس ہسپتال پہنچایا گیا—تصویر:حنیف سموں
زخمی ہونے والے افراد کو بدین میں قائم انڈس ہسپتال پہنچایا گیا—تصویر:حنیف سموں

سندھ کے ضلع بدین کے نزدیک فتح آباد کے مقام پر مسافر بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 8 افراد موقع پر جاں بحق اور 40 مسافر زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق حادثہ تیر رفتاری کے باعث پیش آیا، مذکورہ بس تھرپارکر کے علاقے مٹھی سے کراچی جارہی تھی جو تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی۔

حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو بدین میں قائم انڈس ہسپتال پہنچایا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہیں تاہم زخمیوں میں زیادہ تر افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: مسافر وین اور ٹرک میں تصادم، 11 افراد جاں بحق

حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق ضلع تھرپارکر سے ہے جبکہ مرنے والوں میں بس کا ڈرائیور اور کلینر بھی شامل ہے۔

حادثے کا شکار بس مٹھی سے کراچی جارہی تھی—تصویر:حنیف سموں
حادثے کا شکار بس مٹھی سے کراچی جارہی تھی—تصویر:حنیف سموں

خیال رہے کہ 3 روز قبل ہی بلوچستان کے ضلع مستونگ میں مسافر وین اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے تھے۔

حادثے کا شکار متاثرین میں سے بیشتر کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جو کراچی سے قلعہ عبداللہ آرہے تھے۔

اس سے قبل پنجاب کے علاقے بھکر کے نواحی علاقے میں جھنگ روڈ پر تیز رفتار مسافر بس نے طالبات کو لے کر جانے والے رکشہ کو کچل ڈالا تھا جس کے نتیجے میں 6 طالبات سمیت 7 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: بھکر: بس اور رکشے میں تصادم، 6 طالبات سمیت 7 افراد جاں بحق

6 فروری کو خیبرپختونخوا میں ہولناک حادثہ پیش آیا تھا جہاں ضلع کرک میں کار سے ٹکرانے کے بعد مسافر ویگن میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 4 مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

22 جنوری کو بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل حب کے قریب بیلہ کراس پر مسافر کوچ اور ٹرک کے درمیان تصادم کے بعد آگ لگنے سے 27 افراد جاں بحق اور 15 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 8 نومبر 2018کو لاڑکانہ سے کراچی آنے والی بس کا ٹرالر سے تصادم ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 8 مسافر موقع پر جاں بحق جبکہ 28 زخمی ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں