دنیا کا سب سے کم وزن بچہ علاج کے بعد صحتیاب، گھر جانے کی اجازت

اپ ڈیٹ 19 اپريل 2019
یکم اکتوبر 2018 کو پیدا ہونے والے ریئوسوکی سیکیہ کا قد صرف 22 سینٹی میٹر تھا، جنہیں ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا تھا— فوٹو: اے ایف پی
یکم اکتوبر 2018 کو پیدا ہونے والے ریئوسوکی سیکیہ کا قد صرف 22 سینٹی میٹر تھا، جنہیں ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا تھا— فوٹو: اے ایف پی

جاپان میں دنیا کے سب سے چھوٹی جسامت اور وزن والے ایک اور نومولود کی پیدائش ہوئی جسے تقریباً 7 ماہ کے کامیاب علاج کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق یہ بچہ اکتوبر کے مہینے میں پیدا ہوا تھا جسے ڈاکٹروں نے دنیا کا سب سے چھوٹی جسامت والا بچہ قرار دیا تھا۔

ریئوسوکی سیکیہ نامی اس بچے کو ان کی والدہ توشیکو نے اپنی طبعیت خراب ہونے پر ایمرجنسی میں قبل از وقت جنم دیا جس کی پیدائش آپریشن کے ذریعے ہوئی۔

ڈاکٹروں کے مطابق ریئوسوکی سیکیہ کا وزن محض 258 گرام تھا جس کا وزن اب تک دنیا میں پیدا ہونے والے سب سے کم وزن اور جسامت کے بچے سے بھی کم تھا۔

مزید پڑھیں: دنیا کے سب سے کم وزن بچے کو 7 ماہ بعد گھر جانے کی اجازت

اس سے قبل دنیا میں سب سے کم وزن رکھنے والا بچہ بھی جاپان میں ہی پیدا ہوا تھا جس کا وزن 268 گرام ریکارڈ کیا گیا تھا۔

یکم اکتوبر 2018 کو پیدا ہونے والے ریئوسوکی سیکیہ کا قد صرف 22 سینٹی میٹر تھا، جنہیں ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا تھا۔

قبل از پیدا ہونے والے اس نومولود کو ٹیوب کی مدد سے غذا دی گئی جبکہ اس کے لیے کبھی کبھی روئی کے ٹکڑوں کا بھی استعمال کیا گیا۔

ہسپتال میں علاج کے دوران بچے کا وزن تقریباً 13 گنا بڑھا جو اب 3 کلوگرام (3 ہزار گرام) سے بھی زیادہ ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بچوں کی پیدائش میں کم از کم کتنا وقفہ ہونا چاہئے؟

بچے کی والدہ نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب میرا بچہ پیدا ہوا تو وہ بہت چھوٹا تھا اور ایسا لگ رہا تھا کہ وہ چھونے سے زخمی ہوجائے گا، لہٰذا ہم بہت پریشان ہوگئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب ان کا بچہ دودھ پیتا ہے، وہ نہا سکتا ہے، تاہم اسے بڑھتا ہوا دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے۔

خیال رہے کہ دنیا میں سب سے کم وزن لڑکی 2015 میں جرمنی میں پیدا ہوئی تھی جس کا وزن 252 گرام ریکارڈ کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں