جب ایک خراب فون کی جگہ صارف کو 10 نئے فونز مل گئے

19 اپريل 2019
گوگل پکسل 3 — فوٹو بشکریہ ریڈیٹ
گوگل پکسل 3 — فوٹو بشکریہ ریڈیٹ

جب کوئی فرد وارنٹی میں اسمارٹ فون خریدتا ہے تو خرابی کی صورت میں اسے واپس کرکے نیا فون مل جاتا ہے۔

مگر سوچیں اس وقت کیا ہو جب ایک شخص اپنے خراب نئے فون کو کمپنی کے پاس واپس بھجوائے اور جواب میں اسے ایک نہیں بلکہ 10 نئے فونز دے دیئے جائیں۔

جی ہاں ایسا انوکھا واقعہ سوشل میڈیا سائٹ ریڈیٹ کے ایک رکن چیتوز (یوزر نیم) کے ساتھ پیش آیا جن کا گوگل پکسل 3 فون خراب ہوگیا تو وہ اس کے ری فنڈ کے خواہشمند تھے مگر گوگل نے پیسوں کی بجائے 10 مزید فونز ان کے حوالے کردیئے۔

اب یہ گوگل کی کسٹمر کیئر سروس کی غلطی ہے یا کچھ اور، مگر چیتوز اب کمپنی کی اس غلطی پر اسے شرمندہ کرنا چاہے ہیں۔

ریڈیٹ میں ایک پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ ان کا وائٹ پکسل 3 خراب تھا اور وہ اسے واپس کرکے ایک ہزار ڈالرز لینا چاہتے تھے مگر انہیں صرف 80 ڈالرز ملے۔

صارف کا غصہ اس وقت مزید بڑھ گیا جب 900 ڈالرز کی بجائے گوگل کی جانب سے اسے 10 پنک پکسل تھری فونز بھجوادیئے گئے۔

ریڈیٹ میں ان فونز کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے چیتوز نے لکھا 'گوگل میرے پاس آپ کے فونز ہیں، اور آپ کے پاس میرے پاس، آئیں اس مسئلے کو حل کریں'۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ مالی لحاظ سے ان کو فائدہ ہوا ہے مگر وہ ایسا نہیں چاہتے بلکہ فونز واپس کرکے بس اپنے پیسے لینا چاہتے ہیں۔

مگر ان کا یہ بھی کہنا تھا 'اگر میری مناسب معاونت نہ کی گئی تو میں تو 9 اضافی فون ایک ہزار ڈالرز میں الگ الگ واپس کروں گا، اگر گوگل ان کو قبول نہیں کرے گا تو میں مارکیٹ میں ان کو فروخت کرکے اپنی رقسم پوری کروں گا، اگرچہ یہ درست نہیں مگر اب میرا صبر اور آپشنز ختم ہورہے ہیں'۔

چیتوز کی یہ پوسٹ لگتا ہے کہ کام کرگئی کیونکہ ان کے بقول جمعرات کو گوگل کے ایک نمائندے نے ان سے رابطہ کرکے مزید تفصیلات طلب کیں تاکہ اس معاملے کو دیکھ سکے۔

گوگل نے باضابطہ طور پر اس پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں