سری لنکا کا 36 ممالک کو مفت ویزا آن ارائیول دینے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 19 اپريل 2019
سری لنکا چائے کے باغات کے لیے مشہور ہے — فوٹو بشکریہ امتیاز احمد
سری لنکا چائے کے باغات کے لیے مشہور ہے — فوٹو بشکریہ امتیاز احمد

سری لنکا نے 36 ممالک کے شہریوں کو مفت ویزا آن ارائیول دینے کا اعلان کیا ہے۔

برطانوی روزنامے انڈیپینڈنٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق سری لنکا کی جانب سے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے نئی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے جس کے تحت یکم مئی سے برطانیہ، امریکا، جنوبی کوریا، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، تھائی لینڈ، سنگاپور، ملائیشیا اور جنوبی کوریا سمیت 36 ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد اس ملک میں پہنچ کر مفت ویزا حاصل کرسکیں گے۔

سری لنکا کی جانب سے ابتدا میں اس منصوبے پر 6 ماہ تک عملدرآمد کیا جائے گا مگر سیاحوں کی تعداد بڑھنے پر اسے آگے بھی جاری رکھا جائے گا۔

اس وقت سری لنکا میں انٹری ویزہ فیس 27 برطانوی پاﺅنڈ ہے اور مفت ٹرانزٹ ویزا ابھی اسی وقت ملتا ہے جب وہاں سے گزرتے ہوئے 2 دن سے کم وقت تک وہاں قیام کرنا ہو۔

سری لنکا میں ایک دہائی کے دوران سیاحت کی صنعت کو کافی فروغ ملا ہے۔

2009 میں سری لنکا آنے والے سیاحوں کی تعداد 4 لاکھ 48 ہزار تھی جو 2017 میں 12 لاکھ سے تجاوز کرگئی اور وہاں کی حکومت اگلے سال تک اسے دگنا بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

تاہم مئی سے اگست کے دوران مون سیزن کے دوران سیاحوں کی آمد کا سلسلہ کم ہوجاتا ہے، مگر حکومت کو توقع ہے کہ مفت ویزا اسکیم متعارف کرانے سے اس پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

سری لنکا کے وزیر سیاحت جان امرٹنگا کے مطابق یکم مئی سے ہم 6 ماہ کے لیے مفت ویزا جاری کرنے کا سلسلہ مخصوص ممالک کے لیے شروع کررہے ہیں، اگلے مرحلے میں اس پروگرام میں ہم باندرانائیکے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ویزا آن ارائیول کے اجرا کے لیے ایک مستقل سسٹم قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ مفت ویزا اسکیم میں جلد پاکستان سمیت دیگر سارک ممالک اور چین کے سیاحوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں