عبدالحفیظ شیخ وزارتِ خزانہ کے امور اسد عمر کی طرح چلانے کے خواہشمند

اپ ڈیٹ 20 اپريل 2019
مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کو آگے بڑھایا جائے گا — فوٹو: ڈان نیوز
مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کو آگے بڑھایا جائے گا — فوٹو: ڈان نیوز

مشیرِ خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ وزارتِ خزانہ میں امور اسی طرح چلانے کی کوشش کریں گے جیسے پہلے چل رہے تھے۔

وزارتِ خزانہ کے حکام کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مشیرِ خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ ان کی حکام کے ساتھ آئندہ مالی سال کے بجٹ، ملکی آمدن اور اخراجات پر کام کرنے سے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکام کو وسط مدتی حکمتِ عملی کا مسودہ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جسے رواں ماہ کے اختتام پر کابینہ کو ارسال کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: اسد عمر کا استعفیٰ منظور، حفیظ شیخ مشیر خزانہ تعینات، نوٹیفکیشن جاری

ان کا کہنا تھا کہ حکومت، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات سے متعلق بات چیت آگے بڑھائے گی، کیونکہ دونوں فریق انہیں آگے لے جانا چاہتے ہیں۔

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف اس معاملے کو آگے بڑھانے کے لیے پُر عزم ہے، کوشش ہے کہ جلد آئی ایم ایف کا وفد پاکستان آئے گا جبکہ وہ آج پاکستان میں آئی ایم ایف مشن کے سربراہ سے بھی رابطہ کریں گے۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق انہوں نے بتایا کہ یہ بجٹ 24 مئی کو ہی پیش کیا جاسکتا ہے۔

وزارتِ خزانہ کے امور سنبھالنے کے بعد مشیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ وہ تمام چیزوں کو اسی طرح لے کر چلنے کی کوشش کریں گے جیسی پہلے چل رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری سمیت کئی وزرا کے قلمدان تبدیل

وزارت خزانہ کے حکام سے ملاقات کے بعد مشیر خزانہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے روانہ ہوگئے۔

یاد رہے کہ اسد عمر نے 18 اپریل کو بطور وزیر خزانہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

اسد عمر کے وزارت چھوڑنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ماہر معیشت، ٹیکنو کریٹ اور سابق وزیر خزانہ ڈاکڑ عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ مقرر کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں