ابو ظہبی میں پہلے مندر کی تعمیر شروع

20 اپريل 2019
یو اے ای اور بھارت سمیت دیگر ممالک سے تقریباً ڈھائی ہزار ہندو زائرین نے شرکت کی—فوٹو: گلف نیوز
یو اے ای اور بھارت سمیت دیگر ممالک سے تقریباً ڈھائی ہزار ہندو زائرین نے شرکت کی—فوٹو: گلف نیوز

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پہلے مندر کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔

گلف نیوز میں شائع رپورٹ کے مطابق یو اے ای کے دارالحکومت ابو ظہبی میں منعقد تقریب میں بھارت اور یو اے ای حکام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: خواتین صحافیوں کے مندر میں جانے پر پابندی عائد

مندر کا سنگ بنیاد رکھنے سے قبل پوچا کی تقریب منعقد ہوئی جو صبح 11 بج کر 45 منٹ تک جارہی رہی۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ’یو اے ای اور بھارت سمیت دیگر ممالک سے تقریباً ڈھائی ہزار ہندو زائرین نے شرکت کی‘۔

تقریب کا آغاز وسیع و عریض ٹینٹ میں ہوا جو مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بی اے پی ایس سوامی نارائن سنستھا کے روحانی لیڈر مہنت سوامی مہاراج شیلانیاس ودھی نے تقریب کی صدرات کی جس میں متحدہ عرب امارات کے ڈائریکٹر کمیونٹی ڈولپمنٹ ڈاکٹر مغیر علی خلیلی، وزیر تبدیلی ماحولیات اور وزارت ہائیر ایجوکیشن کے وزیر نے بھی شرکت کی۔

مزیدپڑھیں: قدیم مندر میں داخلہ، بھارتی خاتون پر بہیمانہ تشدد

مندر کی تقریب سنگ بنیاد میں یو اے ای حکام اور بھارتی سفارتکار بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ ابو ظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان نے مندر کی تعمیرات کے لیے جگہ بطور تحفہ فراہم کی تھی۔

مندر 13.5 ایکڑ(55 ہزار مربع میٹر) اراضی پر تعمیر کیا جائے گا تاہم اتنی ہی بڑی اراضی مندر کے ساتھ پارکنگ کے لیے فراہم کی گئی۔

مندر کی تعمیرات کی ذمہ داری کمیٹی بی اے پی ایس پر عائد ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں