سعودی عرب: پولیس اسٹیشن پر حملہ ناکام، 4 دہشتگردوں کو مارنے کا دعویٰ

اپ ڈیٹ 21 اپريل 2019
واقعہ سعودی دارالحکومت ریاض میں پیش آیا — فائل فوٹو: اے پی
واقعہ سعودی دارالحکومت ریاض میں پیش آیا — فائل فوٹو: اے پی

سعودی سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 4 مسلح دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سعودی خبررساں ادارے العربیہ کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے شمالی علاقے میں پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے ریاض کے شمالی علاقے الزلفی میں قائم پولیس تھانے پر حملہ کیا تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس حملے کو ناکام بنادیا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب: سیکیورٹی فورسز پر حملہ، 2 دہشت گرد ہلاک، 2 گرفتار

العربیہ نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سعودی سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

مذکورہ حملے سے متعلق مزید معلومات ویب سائٹ پر شیئر نہیں کی گئیں، جبکہ رابطہ کرنے پر سعودی حکام نے اس واقعے پر کوئی ردِ عمل نہیں دیا۔

یاد رہے کہ رواں ماہ سعودی عرب میں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کا یہ دوسرا حملہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے ڈرون حملے، پاکستان کا اظہار تشویش

اس سے قبل 9 اپریل کو سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے تھے جبکہ 2 کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

رواں برس 10 جنوری کو سعودی خفیہ ایجنسی نے کارروائی کرتے ہوئے 6 مشتبہ افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

تاہم 9 اپریل کو ہونے والی کارروائی کے بارے میں سعودی حکام کا کہنا تھا کہ مارے جانے والے دہشت گرد قطیف میں ہونے والے حملے میں ملوث تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں