کراچی سے پشاور جانے والی پرواز میں بم کی 'غلط' اطلاع

اپ ڈیٹ 22 اپريل 2019
رپورٹ کے مطابق بم کی اطلاع کے فوری بعد مسافروں کو بحفاظت جہاز نکال لیا گیا تھا—تصویر:اے ایف پی/فائل
رپورٹ کے مطابق بم کی اطلاع کے فوری بعد مسافروں کو بحفاظت جہاز نکال لیا گیا تھا—تصویر:اے ایف پی/فائل

کراچی سے پشاور پہنچنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے-350 میں بم کی اطلاع موصول ہونے پر جہاز کی مکمل تلاشی لی گئی اور جہاز کلیئر قرار دے دیا گیا۔

خیال رہے کہ جہاز کے کپتان نے پشاور ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے چند لمحے قبل کنٹرول ٹاور کو بم موجود ہونے کی اطلاع دی تھی۔

جس کے بعد لینڈنگ کے بعد جہاز کو پشاور ایئرپورٹ کے رن وے سے دور کھڑا کرکے مسافروں کو بحفاظت جہاز سے نکال لیا گیا تھا اور ایئر پورٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بم کی اطلاع، شاہین ایئر کی پرواز روک دی گئی

ایئرپورٹ حکام کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جہاز کو حصار میں لے کر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا تھا جس نے جہاز کی مکمل تلاشی لینے کے بعد اسے محفوظ قرار دے دیا۔

حکام کا کہنا تھا کہ طیارے کے کراچی سے اڑان بھرنے کے بعد کپتان کو بم کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔

اس سے قبل 23 نومبر 2015 کو پشاور سے دبئی جانے والی شاہین ایئر انٹرنیشنل کی پرواز کو بم کی اطلاع پر روک دیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں