اقتصادی رابطہ کمیٹی کی تشکیل نو، حفیظ شیخ چیئرمین مقرر

اپ ڈیٹ 26 اپريل 2019
کابینہ کمیٹی برائے توانائی اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری میں بھی تشکیل نو کی گئی۔ — فائل فوٹو/ڈان
کابینہ کمیٹی برائے توانائی اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری میں بھی تشکیل نو کی گئی۔ — فائل فوٹو/ڈان

وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی تشکیل نو کرتے ہوئے خزانہ، مالیاتی امور، اور ریونیو کے مشیر ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو اس کا چیئرمین مقرر کر دیا۔

کابینہ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی 14 ارکان پر مشتمل ہوگی۔

کمیٹی کے اراکین میں وزیر مواصلات، قانون و انصاف، بحری امور، قومی غذائی تحفظ اور تحقیق، پیٹرولیم، توانائی، منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات، نجکاری، ریلوے، سماجی تحفظ، اور آبی ذخائر شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: شیخ رشید کی اسد عمر سے ملاقات، کابینہ میں شمولیت کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش

مزیر اراکین میں وزیر اعظم کے مشیر تجارت، ٹیکسٹائل، انڈسٹری، پیداوار اور سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی اصلاحات اور سادگی بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم نے غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کی وزارت کا قلم دان تا حال کسی کو نہیں دیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے توانائی اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کی بھی تشکیل نو کی گئی ہے۔

کابینہ کمیٹی برائے توانائی میں 7 ارکان جبکہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری میں 8 ارکان ہوں گے۔

کابینہ میں تبدیلیاں

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں سامنے آئی تھیں۔

تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر وفاقی وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے جبکہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ تعینات کیا گیا اور انہیں اسد عمر کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری سمیت کئی وزرا کے قلمدان تبدیل

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ عالمی سطح پر معروف ماہر معاشیات ہیں جنہیں معاشی پالیسیاں بنانے، انتظامات چلانے اور اس کے نفاذ کا 30 سال سے زائد کا تجربہ ہے۔

اس سے قبل انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے دور حکومت میں 2010 سے 2013 تک وزیر خزانہ کے عہدے پر خدمات انجام دی تھیں۔

انہوں نے اپنے دور میں بینکنگ، ٹیلی کام، بجلی اور پیداوار کے شعبوں میں 300 ارب روپے کی 34 ٹرانزیکشن کی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں