شاداب خان کا لندن میں علاج جاری، 29 اپریل کو وطن پہنچیں گے

شاداب خان کی جگہ یاسر شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا — فائل فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر
شاداب خان کی جگہ یاسر شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا — فائل فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر

پاکستان کے اسٹار لیگ اسپنر شاداب خان لندن میں علاج کے بعد پیر کو وطن واپس پہنچ جائیں گے، جہاں وہ ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق مزید آرام کریں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے شاداب خان اس وقت لندن میں موجود ہیں جہاں ان کا علاج جاری ہیں۔

خیال رہے کہ 21 اپریل کو چیف سلیکٹر انضمام الحق نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ شاداب خان کے بلڈ ٹیسٹ میں ہیپاٹائٹس وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے جس کے سبب ڈاکٹروں نے انہیں 4 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ سے قبل شاداب خطرناک وائرس کا شکار، انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر

شاداب خان کا علاج مشہور ہیپاٹالوجسٹ ڈاکٹر پیٹرک کینیڈی کر رہے ہیں۔

لیگ اسپنر 29 اپریل کو وطن واپس پہنچیں گے جہاں وہ مزید 2 ہفتے تک آرام کریں گے جس کے بعد ان کے مزید بلڈ ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ شاداب خان کا ورلڈکپ اسکوڈ میں شمولیت کا فیصلہ ان کے ٹیسٹ رپورٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ میں بہترین کاردگی دکھائیں گے، قومی کھلاڑی پُر عزم

وائرس کی تصدیق ہونے پر بورڈ نے شاداب کو ڈاکٹرز کے مشورے پر انگلینڈ کے خلاف سیریز نہ کھلانے کا فیصلہ کیا جبکہ ان کے مزید ٹیسٹ کیے۔

خیال رہے کہ لیگ اسپنر میں ہیپاٹائٹس کی تشخص سے قبل چیف سلیکٹر انضام الحق نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے ٹیم کا اعلان کیا تھا جس میں شاداب خان بھی شامل تھے۔

اس کے ساتھ ساتھ وہ انگلینڈ کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز میں بھی ٹیم کے اسکواڈ کا حصہ تھے، تاہم اب ان کی جگہ پر یاسر شاہ کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں