حیدرآباد: بزرگ شہری پر پی ٹی آئی رہنما کا غیر انسانی تشدد

اپ ڈیٹ 30 اپريل 2019
اللہ رکھیولُند کو زخمی حالت میں میرپور ماتھیلو ہسپتال منتقل کردیا —فائل فوٹو: ڈان
اللہ رکھیولُند کو زخمی حالت میں میرپور ماتھیلو ہسپتال منتقل کردیا —فائل فوٹو: ڈان

حیدرآباد: گھوٹکی میں پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے بااثر افراد کی جانب سے بزرگ شہری کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے پر مقدمہ دائر کرلیا۔

بزرگ شہری کی شناخت اللہ رکھیولُند کے نام سے ہوئی جنہیں زخمی حالت میں میرپور ماتھیلو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت میں شوہر کا بیوی پر تشدد

پولیس نے اللہ رکھیولُند کی مدعیت میں 4 ملزمان شفیق لُند، ان کے بھائی رفیق، سردار افتخار اور ممتاز علی لُند کے خلاف پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 254، 355، 147 اور 143 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں بزرگ شہری کو زخمی حالت میں اسٹریچر پر دیکھا جا سکتا ہے۔

بزرگ شہری کے بیٹے زاہد حسین نے نمائندہ ڈان کو بذریعہ فون بتایا کہ ’گھوٹکی پولیس سے متعدد مرتبہ درخواست کے باوجود کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور وہ مکمل آزادی کے ساتھ گھوم رہے ہیں‘۔

بزرگ شہری کے بیٹے نے بتایا کہ ’ان کے والد افتخار لُند کی وین چلاتے ہیں اور 27 اپریل کو گاڑی میں تکنیکی خرابی ہوئی جس کے بارے میں مینجر افتخار اور شفیق لُند کو آگاہ کیا گیا‘۔

مزیدپڑھیں: لاہور: جائیداد کی خاطر بیٹی کا اپنے شوہر کے ہمراہ سگی ماں پر ’تشدد‘

ان کا کہنا تھا کہ ’شفیق لُند نے میرے والد کو علی بابا کے علاقے (اڈے) پر بلایا جہاں دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور شفیق نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا‘۔

زاہد حسین نے بتایا کہ بعدازاں شفیق کے بھائی رفیق نے والد کو یہ کہہ کر گھر بلایا کہ جھگڑا دوستانہ طریقے سے رفع دفع کردیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ ’جب میرے والد بتائے ہوئے مقام پر پہنچے تو افتخار، شفیق، رفیق اور ممتاز لُند کی موجودگی میں انہیں پھر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا‘۔

زاہد حسین نے دعویٰ کیا کہ ’والد کے ساتھ غیر انسانی سلوک بھی برتا گیا جس کے باعث وہ بے ہوش ہوگئے‘۔

دوسری جانب گھوٹکی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او ذوالفقار مہر اور ایس ایس پی پولیس فرخ لنجار سے موقف لینے کے لیے متعدد مرتبہ فون پر رابطہ کیا گیا لیکن متعلقہ حکام نے فون کا جواب نہیں دیا۔

مزیدپڑھیں: بیوی پر تشدد: شوہر اور ملازم ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ نے تصدیق کی کہ ماضی میں سردار افتخار ضلع گھوٹکی میں پی ٹی آئی کے ضلعی صدر رہ چکے ہیں تاہم انہوں نے واقعے سے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

بزرگ شہری کے بیٹے نے بتایا کہ ’خان پور پولیس نور آباد گئی تھی لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی لیکن ملزم شفیق گھر پر موجود ہے مگر اسے گرفتار نہیں کیا جارہا‘۔

تبصرے (0) بند ہیں