میری تاریخ پیدائش کتاب میں غلط لکھی گئی، شاہد آفریدی

اپ ڈیٹ 05 مئ 2019
شاہد آفریدی کے مطابق ان کی پیدائش 1977 میں ہوئی—فائل/فوٹو: اے ایف پی
شاہد آفریدی کے مطابق ان کی پیدائش 1977 میں ہوئی—فائل/فوٹو: اے ایف پی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے اپنی کتاب میں ان کی تاریخ پیدائش کی غلطی کی نشان دہی کردی جبکہ ان کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی سیاست میں ہیں۔

کراچی کے نجی مال میں شاہد آفریدی کی کتاب ‘گیم چینجر’ کی تقریب رونمائی ہوئی جہاں ان کا کہنا تھا کہ 'میری تاریخ پیدائش کتاب میں غلط لکھی گئی ہے، لیکن ہم کتاب میں جلد تاریخ پیدائش ٹھیک کرلیں گے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'میڈیا رپورٹس نے تو مجھے 45 سال کا بنا دیا ہے حالانکہ میں‌ اب اتنا بھی بوڑھا نہیں ہو‌ں، میری پیدائش 1975 نہیں بلکہ 1977 ہے۔'

کتاب کے حوالے سے شائع رپورٹس پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'میڈیا نے میری کتاب کا صرف منفی پہلو دکھایا، کوئی فرشتہ نہیں ہے اور میں نے کتاب میں کسی کی صرف برائی نہیں کی بلکہ اچھائی بھی کی ہے۔'

مزید پڑھیں: شاہد آفریدی کی اصل عمر کیا ہے؟ برسوں بعد پتا چل گیا

شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارتی پبلشرز سے کتاب شائع کروانے کا فیصلہ میرا نہیں تھا۔

وزیر اعظم عمران خان کے حوالے سے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'عمران خان ہم سب کی امید ہیں، عمران خان کو تھوڑا وقت دینا چاہیے اور عمران خان کے گرد جو لوگ ہیں وہ بھی اچھے ہونے چاہیئیں۔'

سابق کپتان نے سیاست میں آنے کے حوالے سے کہا کہ 'میں تو پہلے سے ہی سیاست کر رہا ہوں، عوام مجھے پیسے دیتے ہیں اور میں فاؤنڈیشن چلاتا ہوں، یہ بھی سیاست ہے۔'

خیال رہے کہ میڈیا رپورٹس میں شاہد آفریدی کی کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ انہوں نے اپنی پیدائش 1975 تحریر کی ہے تاہم مہینہ اور دن نہیں بتایا جس کے بعد ان کی صحیح عمر برسوں بعد سامنے آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی کی کتاب میں سابق کھلاڑیوں کے بارے میں اہم انکشافات

شاہد آفریدی کی عمر کرکٹ کے ریکارڈ میں یکم مارچ 1980 درج ہے جبکہ انہوں نے کتاب میں 1975 شائع کی اور اب انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی پیدائش 1977 میں ہوئی۔

شاہد آفریدی نے 1996 میں کینیا کے شہر نیروبی میں ہونے والے تین ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کی تھی اور 37 گیندوں پر تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنایا جو کہ 17 سال تک ان کے پاس ہی رہا۔

اس ریکارڈ کی خاص بات یہ تھی کہ مانا جاتا تھا کہ شاہد آفریدی نے 16 سال کی عمر میں اسے بنایا تھا۔

رپورٹس میں اس ریکارڈ کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ شاہد آفریدی نے کتاب میں کہا ہے کہ 'ریکارڈ کے لیے جان لیں کہ میں اس وقت 19 سال کا تھا، 16 سال کا نہیں، جیسا وہ دعویٰ کرتے ہیں، میری پیدائش 1975 میں ہوئی، تو ہاں انتظامیہ نے میری عمر غلط درج کی'۔

تبصرے (0) بند ہیں